
گوگل نے اپنے مصنوعی ذہانت کے پلیٹ فارم جیمنائی میں ایک نیا فیچر متعارف کرانے کا اعلان کیا ہے، جس کے ذریعے صارفین اب زیادہ ذاتی نوعیت کی تصاویر تخلیق کر سکیں گے۔
اس نئے فیچر میں “نانو بنانا” نامی امیج جنریشن ٹیکنالوجی کو شامل کیا گیا ہے، جو صارفین کی دلچسپیوں، عادات اور ذاتی ڈیٹا کو مدنظر رکھتے ہوئے تصاویر تیار کرتی ہے۔ اس طرح صارفین کو تفصیلی ہدایات (پرومٹس) لکھنے کی ضرورت نہیں ہوگی، بلکہ سادہ جملوں کے ذریعے مطلوبہ تصویر حاصل کی جا سکے گی۔
مثال کے طور پر، اگر کوئی صارف اپنے خوابوں کے گھر کی تصویر بنوانا چاہے تو اسے صرف “میرا ڈریم ہاؤس ڈیزائن کریں” لکھنا ہوگا، جبکہ نظام خودکار طور پر صارف کی پسند کے مطابق تصویر تیار کرے گا۔
اسی طرح یہ فیچر گوگل فوٹوز کے ڈیٹا اور لیبلز سے بھی مدد لے سکتا ہے، جس کے ذریعے خاندان کے افراد یا مخصوص لمحات کو مدنظر رکھتے ہوئے تصاویر بنائی جا سکیں گی، جیسے کہ ایک فیملی پکنک کی منظرکشی۔
گوگل کے مطابق، ہر تیار کردہ تصویر کے ساتھ “سورس” بٹن بھی فراہم کیا جائے گا، جس سے صارفین یہ جان سکیں گے کہ تصویر کن معلومات کی بنیاد پر بنائی گئی ہے۔
کمپنی نے یہ بھی واضح کیا ہے کہ چونکہ یہ نظام صارف کے ڈیٹا پر انحصار کرتا ہے، اس لیے بعض اوقات نتائج مکمل طور پر درست نہ بھی ہوں، جس پر صارفین اپنی رائے دے سکتے ہیں تاکہ سروس کو بہتر بنایا جا سکے۔
یہ نیا فیچر ابتدائی طور پر جیمنائی پلس، پرو اور الٹرا صارفین کے لیے امریکا میں دستیاب ہوگا، جبکہ مستقبل میں اسے دیگر ممالک اور کروم ڈیسک ٹاپ پلیٹ فارم پر بھی متعارف کرانے کا ارادہ ہے۔









