
فٹبال کی عالمی تنظیم فیفا نے کہا ہے کہ آئندہ ورلڈ کپ میں ایران کی ٹیم کے میچز امریکا ہی میں ہوں گے اور ان میں کسی قسم کی تبدیلی نہیں کی جائے گی۔ تنظیم کے مطابق ایرانی کھلاڑیوں اور ٹیم آفیشلز کو مکمل سیکیورٹی فراہم کی جائے گی تاکہ وہ ٹورنامنٹ میں بلا خوف حصہ لے سکیں۔
فیفا کے صدر گیانی انفینٹینو نے ایک انٹرویو میں کہا کہ فٹبال کو سیاسی معاملات سے الگ رکھا جانا چاہیے۔ ان کے مطابق کوالیفائی کرنے والی ہر ٹیم کا حق ہے کہ وہ عالمی مقابلے میں شرکت کرے، اس لیے ایران کو بھی شیڈول کے مطابق امریکا میں کھیلنا ہوگا۔
انہوں نے بتایا کہ حال ہی میں ان کی ایرانی ٹیم کے تربیتی کیمپ میں ملاقات ہوئی تھی جہاں کھلاڑیوں نے ورلڈ کپ میں شرکت کے لیے اپنی خواہش کا اظہار کیا۔
اطلاعات کے مطابق سیکیورٹی اور خطے کی کشیدہ صورتحال کے باعث ایرانی حکام نے میچز امریکا کے بجائے میکسیکو میں منتقل کرنے کی درخواست کی تھی، تاہم فیفا نے یہ تجویز قبول نہیں کی۔
یہ بھی کہا جا رہا ہے کہ ایران اور امریکا کے درمیان کشیدگی اور سیکیورٹی خدشات کے باوجود فیفا نے میزبانی کے شیڈول میں کوئی تبدیلی نہ کرنے کا فیصلہ برقرار رکھا ہے۔
ایران ان ابتدائی ٹیموں میں شامل ہے جنہوں نے ورلڈ کپ کے لیے کوالیفائی کیا ہے۔ گروپ مرحلے کے تحت اس کے تمام میچز امریکا کے مختلف شہروں میں کھیلے جائیں گے، جن میں لاس اینجلس اور سیئٹل شامل ہیں۔ ناک آؤٹ مرحلے میں رسائی کی صورت میں بھی ٹیم کو امریکا ہی میں کھیلنا ہوگا۔








