گلین میکسویل کا ٹی20 کرکٹ میں بڑا کارنامہ، 10 ہزار رنز اور 200 وکٹیں مکمل

0
7
گلین میکسویل کا ٹی20 کرکٹ میں بڑا کارنامہ، 10 ہزار رنز اور 200 وکٹیں مکمل

کراچی / راولپنڈی (اسپورٹس ڈیسک) — ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں ایک غیر معمولی کارکردگی کے دوران آسٹریلیا کے آل راؤنڈر گلین میکسویل نے مبینہ طور پر ایک اہم سنگ میل عبور کر لیا ہے، جہاں انہوں نے 10 ہزار رنز اور 200 وکٹیں مکمل کر کے ٹی ٹوئنٹی تاریخ میں یہ کارنامہ انجام دینے والے دنیا کے دوسرے کھلاڑی بننے کا اعزاز حاصل کیا۔
یہ کارکردگی حیدرآباد کنگزمین اور راولپنڈی کے درمیان نیشنل بینک اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ کے دوران سامنے آئی۔ میچ میں میکسویل نے راولپنڈی کے بلے باز عثمان خواجہ کو آؤٹ کر کے اپنی 200ویں وکٹ مکمل کی۔
اعداد و شمار کے مطابق میکسویل اب تک 505 ٹی ٹوئنٹی میچوں میں 11 ہزار سے زائد رنز اور 200 وکٹیں حاصل کر چکے ہیں۔ اس سے قبل ویسٹ انڈیز کے کیرون پولارڈ بھی اسی نوعیت کا کارنامہ انجام دے چکے ہیں۔
ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں بھی میکسویل کی کارکردگی نمایاں رہی ہے، جہاں وہ 130 میچوں میں تقریباً 2900 رنز بنا چکے ہیں، ان کا اسٹرائیک ریٹ 154 سے زائد ہے، جبکہ وہ 5 سنچریاں اور 12 نصف سنچریاں بھی اس فارمیٹ میں اسکور کر چکے ہیں۔ اس کے ساتھ ساتھ وہ 51 وکٹیں بھی حاصل کر چکے ہیں۔
میچ کی صورتحال کے مطابق راولپنڈی کی ٹیم پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 9 وکٹوں کے نقصان پر 121 رنز بنا سکی، جس میں سیم بلنگز 26 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔ حیدرآباد کی جانب سے محمد علی اور حنین شاہ نے تین، تین وکٹیں حاصل کیں۔
جواب میں حیدرآباد کنگزمین نے ہدف 16.3 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا اور یوں ایونٹ میں اپنی مسلسل تیسری فتح سمیٹ لی۔ اس کامیابی کے بعد ٹیم پوائنٹس ٹیبل پر چوتھی پوزیشن پر آ گئی۔

Leave a reply