
معروف اداکارہ اور میزبان فضا علی ایک بار پھر اس وقت خبروں کی زینت بن گئیں جب ان کے مارننگ شو کے دوران ایک خوشگوار مگر غیر متوقع منظر دیکھنے کو ملا۔
تفصیلات کے مطابق فضا علی نے اپنے شو میں اپنے شوہر اعجاز خان کو بطور مہمان مدعو کیا، جہاں دونوں نے اپنی ملاقات، تعلق اور ازدواجی زندگی سے متعلق گفتگو کی۔ پروگرام میں فضا علی کی بیٹی بھی موجود تھی جس نے شو کو مزید دلچسپ بنا دیا۔
پروگرام کے دوران ایک ہلکے پھلکے لمحے میں فضا علی کی بیٹی نے اپنے والد اعجاز خان سے فرمائش کی کہ وہ انکی والدہ کو اسی طرح اٹھا کر دکھائیں جیسے وہ گھر میں اکثر کرتے ہیں۔ اس معصوم درخواست پر اعجاز خان مسکرائے اور انہوں نے فضا علی کو لائیو شو کے دوران اٹھا لیا۔
اس اچانک منظر نے اسٹوڈیو میں موجود افراد کو حیران کر دیا، جبکہ اس کی ویڈیو دیکھتے ہی دیکھتے سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی۔ مختلف صارفین نے اس پر ملے جلے ردعمل کا اظہار کیا ہے۔
کچھ لوگوں نے اسے ٹی وی پر غیر مناسب قرار دیتے ہوئے تنقید کی اور پیمرا سے سوال اٹھایا کہ ایسے مناظر کی نشریات کی اجازت کیوں دی جاتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ریٹنگ کے لیے اس نوعیت کے مناظر پیش کرنا مناسب نہیں۔
دوسری جانب کئی ناظرین نے اس واقعے کو ایک نجی اور خوشگوار ازدواجی لمحہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ اسے منفی انداز میں نہیں دیکھنا چاہیے۔
واضح رہے کہ فضا علی نے حال ہی میں اپنے قریبی دوست اعجاز خان کے ساتھ نکاح کی تصدیق کی تھی۔ ان کے مطابق دونوں کی ملاقات برطانیہ میں ہوئی، جہاں سے ان کا تعلق وقت کے ساتھ مضبوط ہوا اور بعد ازاں یہ رشتہ شادی میں تبدیل ہو گیا۔
اعجاز خان نے اپنی خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ فضا علی کو اپنی زندگی میں پا کر بے حد خوش ہیں، جبکہ فضا علی بھی سوشل میڈیا پر اپنی نئی ازدواجی زندگی کے خوشگوار لمحات شیئر کرتی نظر آتی ہیں۔








