’منہ دکھائی‘ پر لاکھوں کا تقاضا، شادی خوشیوں سے ہولناک واقعے میں بدل گئی

0
23
’منہ دکھائی‘ پر لاکھوں کا تقاضا، شادی خوشیوں سے ہولناک واقعے میں بدل گئی

اتر پردیش کے شہر آگرہ میں ایک شادی کا واقعہ خوشیوں کے بجائے تنازع اور سنگین الزامات میں بدل گیا، جہاں مبینہ طور پر دلہن کے مطالبات نے صورتحال کو انتہائی کشیدہ بنا دیا۔

رپورٹس کے مطابق، ایک خاندان کا کہنا ہے کہ ان کے بیٹے کی شادی گزشتہ سال 29 اپریل کو ’کلپنا‘ نامی خاتون سے ہوئی۔ الزام ہے کہ شادی کی پہلی رات دلہن نے ’منہ دکھائی‘ کی رسم کے لیے 90 لاکھ روپے نقد کا مطالبہ کیا اور رقم نہ ملنے پر ناراضی کا اظہار کیا۔

خاندان کے مطابق، دلہن نے بعد میں یہ بھی کہا کہ اسے اس شادی میں دلچسپی نہیں تھی اور وہ مالی فائدے کے لیے اس رشتے میں شامل ہوئی تھی۔ الزام ہے کہ وہ کچھ زیورات اور قیمتی اشیاء لے کر گھر سے چلی گئی۔

متاثرہ خاندان کا مزید دعویٰ ہے کہ بعد میں دلہن کے اہل خانہ کی جانب سے مبینہ دھمکیاں دی گئیں اور واٹس ایپ کے ذریعے رقم کا مطالبہ بھی کیا جاتا رہا۔

واقعہ اس وقت مزید سنگین ہو گیا جب رواں سال 26 مارچ کو مبینہ طور پر کچھ افراد دولہے کے گھر پہنچے اور جھگڑا کیا۔ خاندان کا الزام ہے کہ حملہ آوروں نے گیس پائپ لائن کے ساتھ چھیڑ چھاڑ کی، تاہم بروقت اطلاع پر پولیس نے مداخلت کی اور اہل خانہ کو محفوظ مقام پر منتقل کر دیا۔

خاندان کے مطابق، ابتدائی طور پر پولیس کی جانب سے کارروائی نہیں کی گئی، جس کے بعد انہوں نے عدالت سے رجوع کیا۔ عدالتی حکم پر اب پولیس نے مقدمہ درج کر کے تحقیقات شروع کر دی ہیں۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ مکمل تحقیقات کے بعد ہی حقائق سامنے آئیں گے۔

Leave a reply