رچ اسٹاری ٹینکر خلیج سے نکلنے والا پہلا پابندی زدہ جہاز بن گیا

0
15
رچ اسٹاری ٹینکر خلیج سے نکلنے والا پہلا پابندی زدہ جہاز بن گیا

آبنائے ہرمز میں امریکی نگرانی اور مبینہ ناکہ بندی کے باوجود ایک غیر معمولی واقعہ سامنے آیا ہے جس نے عالمی سطح پر توجہ حاصل کی ہے۔ برطانوی خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق امریکی پابندیوں کی زد میں آنے والا ایک چینی آئل ٹینکر خلیج کے حساس آبی راستے سے بحفاظت باہر نکلنے میں کامیاب ہوگیا ہے۔
بحری نقل و حرکت پر نظر رکھنے والے پلیٹ فارمز میرین ٹریفک اور ایل ایس ای جی کے اعداد و شمار کے مطابق ’’رچ اسٹاری‘‘ نامی یہ ٹینکر اس وقت خلیج سے نکلنے والا پہلا ایسا جہاز بنا ہے جس نے مبینہ سخت نگرانی کے باوجود یہ راستہ عبور کیا۔
رپورٹ کے مطابق اس جہاز کی ملکیت شنگھائی شوان رن شپنگ نامی کمپنی کے پاس ہے، جس پر امریکا پہلے ہی ایران کے ساتھ مبینہ تجارتی روابط کے باعث پابندیاں عائد کر چکا ہے۔
جہاز نے اپنا سفر متحدہ عرب امارات کی حمریہ بندرگاہ سے شروع کیا تھا جہاں اس پر سامان لادا گیا۔ اس پیش رفت نے اس دعوے پر سوالات اٹھا دیے ہیں کہ امریکا اس سمندری گزرگاہ پر مکمل کنٹرول رکھتا ہے۔
مزید بتایا گیا ہے کہ ایک اور پابندیوں کی زد میں آنے والا ٹینکر ’’مرلی کشن‘‘ بھی اسی علاقے کی طرف بڑھ رہا ہے اور امکان ہے کہ وہ بھی جلد آبنائے ہرمز میں داخل ہو جائے گا۔ اس جہاز کا ماضی میں مختلف ناموں سے تیل کی ترسیل کے لیے استعمال ہونے کا بھی ذکر کیا جاتا ہے۔
ان واقعات کے بعد یہ بحث دوبارہ شدت اختیار کر گئی ہے کہ سخت نگرانی اور پابندیوں کے باوجود بعض تجارتی بحری جہاز اس اہم اور حساس آبی راستے سے گزرنے میں کامیاب ہو رہے ہیں۔

Leave a reply