
پاکستانی اداکارہ رمشا خان نے اپنے ساتھی اداکار خوشال خان کے ساتھ شادی سے متعلق خبروں پر ردِعمل دیتے ہوئے صورتحال کی وضاحت کی ہے۔
گزشتہ کچھ دنوں سے سوشل میڈیا پر دونوں اداکاروں کی شادی سے متعلق افواہیں زیرِ گردش تھیں، جنہیں اس وقت مزید تقویت ملی جب ان کے نکاح سے منسوب ایک تصویر آن لائن سامنے آئی۔ اس کے بعد مداحوں اور سوشل میڈیا صارفین میں موضوع پر خاصی بحث دیکھنے میں آئی۔
بعد ازاں رمشا خان نے انسٹاگرام اسٹوری کے ذریعے ان خبروں پر ردِعمل دیتے ہوئے نہ صرف شادی سے متعلق معلومات کی وضاحت کی بلکہ اپنی نجی تصاویر کے غیر مجاز طور پر شیئر ہونے پر سخت ناراضی کا اظہار بھی کیا۔
اداکارہ نے کہا کہ ان کی ذاتی تصاویر ان کی اجازت کے بغیر پھیلائی گئیں، جو کہ ایک غیر اخلاقی عمل ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ سوشل میڈیا پیجز کو ایسی تصاویر شیئر کرنے سے گریز کرنا چاہیے کیونکہ یہ ان کے لیے محض مواد نہیں بلکہ ان کی نجی زندگی کا حصہ ہیں۔
رمشا خان نے مزید کہا کہ وہ ہمیشہ اپنی ذاتی زندگی کو نجی رکھنا پسند کرتی ہیں اور آئندہ بھی اس اصول پر قائم رہیں گی۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ وائرل کی گئی تصاویر کو فوری طور پر ہٹا دیا جائے اور دوبارہ شیئر نہ کیا جائے۔
اداکارہ نے واضح کیا کہ یہ ان کی نجی زندگی ہے اور اسے خبروں یا سرخیوں کی زینت نہ بنایا جائے۔ ان کے مطابق مناسب وقت آنے پر وہ خود ضروری معلومات مداحوں کے ساتھ شیئر کریں گی۔








