
اسلام آباد: پاکستان نے امریکا اور ایران کے درمیان جاری کشیدگی کم کرنے اور مذاکرات کی بحالی کے لیے اپنی سفارتی کوششیں مزید تیز کر دی ہیں۔ ذرائع کے مطابق، حالیہ مذاکراتی دور کسی حتمی نتیجے کے بغیر ختم ہونے کے باوجود اسلام آباد پرامید ہے کہ دونوں فریقین کو دوبارہ بات چیت پر آمادہ کیا جا سکتا ہے۔
ایک سینئر ذریعے نے بتایا کہ پاکستان مسلسل واشنگٹن اور تہران کے ساتھ رابطے میں ہے اور دونوں ممالک کو جلد از جلد مذاکرات کی میز پر واپس لانے کی کوشش کر رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ مقصد یہ ہے کہ ممکنہ جنگ بندی کے اختتام سے قبل کوئی قابلِ قبول حل نکالا جا سکے تاکہ خطے میں کشیدگی مزید نہ بڑھے۔
ذرائع کے مطابق، آئندہ چند دنوں میں مذاکرات کے دوسرے مرحلے کے انعقاد کے امکانات پر کام جاری ہے۔ یہ سفارتی سرگرمیاں اعلیٰ سطح پر کی جا رہی ہیں اور حکومتی قیادت اس عمل کو خصوصی اہمیت دے رہی ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ محدود وقت کے باوجود کوشش ہے کہ فریقین کے درمیان اعتماد بحال کیا جائے اور کسی ممکنہ تصادم سے بچنے کے لیے پیش رفت حاصل کی جائے۔ پاکستان کی یہ کوششیں خطے میں امن و استحکام کے لیے اس کے فعال کردار کی عکاسی کرتی ہیں۔







