مغربی کنارے میں صحافیوں پر تشدد، اسرائیلی فوج کی پوری بٹالین معطل

0
69
مغربی کنارے میں صحافیوں پر تشدد، اسرائیلی فوج کی پوری بٹالین معطل

مقبوضہ مغربی کنارے میں صحافیوں کے ساتھ پیش آنے والے ایک واقعے کے بعد اسرائیلی فوج نے غیر معمولی اقدام کرتے ہوئے اپنی ایک پوری بٹالین کو معطل کر دیا ہے۔
امریکی نشریاتی ادارے سی این این کی رپورٹ کے مطابق، یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب اس کی ٹیم ایک فلسطینی گاؤں میں اسرائیلی آبادکاروں کی جانب سے زمین پر قبضے کی کوریج کر رہی تھی۔ رپورٹ میں بتایا گیا کہ موقع پر موجود اسرائیلی فوجیوں نے صحافیوں کو رپورٹنگ سے روکنے کی کوشش کی اور اس دوران تشدد کا بھی استعمال کیا گیا۔
واقعے کے دوران ایک فوٹو جرنلسٹ کو مبینہ طور پر گلا دبا کر زمین پر گرا دیا گیا، جس سے اس کا کیمرہ بھی ٹوٹ گیا۔ متاثرہ صحافیوں کا کہنا ہے کہ انہیں تقریباً دو گھنٹے تک حراست میں رکھا گیا اور اس دوران بدسلوکی کا سامنا بھی کرنا پڑا۔
اسرائیلی فوج کے ترجمان نے واقعے کا اعتراف کرتے ہوئے کہا کہ اہلکاروں کا رویہ فوجی ضابطہ اخلاق اور پیشہ ورانہ اصولوں کے خلاف تھا۔ اسی بنا پر متعلقہ یونٹ کو فوری طور پر آپریشنل ذمہ داریوں سے ہٹا دیا گیا ہے۔
فوجی قیادت نے واقعے کی مکمل تحقیقات کا حکم دے دیا ہے اور واضح کیا ہے کہ اس نوعیت کے رویوں کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔
اس واقعے کے بعد عالمی سطح پر صحافیوں کے تحفظ اور اظہارِ رائے کی آزادی کے حوالے سے تشویش کا اظہار کیا جا رہا ہے، جبکہ ماہرین کے مطابق پوری بٹالین کی معطلی کا فیصلہ بین الاقوامی دباؤ کے تناظر میں کیا گیا ہے۔

Leave a reply