ایرانی پاسدارانِ انقلاب کا ردعمل، کشیدگی میں اضافہ

0
46
ایرانی پاسدارانِ انقلاب کا ردعمل، کشیدگی میں اضافہ

ایران نے حالیہ کشیدگی کے دوران حملوں کی ایک نئی لہر شروع کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔ ایرانی پاسدارانِ انقلاب کے مطابق یہ کارروائیاں “آپریشن وعدہ صادق 4” کے تحت کی جا رہی ہیں، جس کی تازہ ترین لہر میں خطے میں امریکا سے منسلک تیل تنصیبات کو نشانہ بنایا گیا۔

پاسدارانِ انقلاب نے اپنے بیان میں کہا کہ ان کارروائیوں کو امریکی و اسرائیلی حملوں میں ہلاک ہونے والے ایرانی انٹیلی جنس حکام کے نام سے منسوب کیا گیا ہے۔ بیان میں یہ بھی کہا گیا کہ ایران کا ارادہ ابتدا میں جنگ کو توانائی کے شعبے تک پھیلانے کا نہیں تھا اور نہ ہی ہمسایہ ممالک کی معیشت کو نقصان پہنچانا مقصود تھا، تاہم ایرانی توانائی تنصیبات پر حملوں کے بعد صورتحال تبدیل ہو گئی ہے۔

ایرانی حکام کے مطابق اب اپنے مفادات کے دفاع کے لیے ان تنصیبات کو نشانہ بنانا ضروری سمجھا جا رہا ہے جنہیں امریکا یا اس کے شراکت داروں کی حمایت حاصل ہے۔

دوسری جانب، ایران نے اسرائیل پر بھی رات گئے میزائل حملے کیے۔ غیر ملکی خبر ایجنسیوں کے مطابق ان حملوں میں ایک رہائشی عمارت کو نقصان پہنچا، جس کے نتیجے میں ایک شخص ہلاک اور متعدد زخمی ہوئے۔ مغربی کنارے میں بھی جانی نقصان کی اطلاعات سامنے آئی ہیں۔

یہ حملے اس واقعے کے بعد کیے گئے جب ایران نے الزام عائد کیا کہ اس کے گیس فیلڈ پر اسرائیلی حملہ کیا گیا تھا، جس کے جواب میں یہ کارروائی عمل میں لائی گئی۔

Leave a reply