
میٹا نے اعلان کیا ہے کہ وہ فیس بک، واٹس ایپ اور میسنجر میں نئے اسکام ڈیٹیکشن فیچرز متعارف کروا رہا ہے تاکہ صارفین کو مشتبہ سرگرمیوں سے بروقت آگاہ کیا جا سکے۔
فیس بک میں نئے فیچر کے تحت صارفین کو مشتبہ فرینڈ ریکوئسٹس کے بارے میں الرٹس موصول ہوں گے۔ اگر کسی اکاؤنٹ سے ریکوئسٹ موصول ہوتی ہے جس میں مشترکہ دوست نہیں ہیں یا اکاؤنٹ کی لوکیشن غیر حقیقی ہے، تو صارفین کو الرٹ کے ذریعے آگاہ کیا جائے گا تاکہ وہ فیصلہ کر سکیں کہ ریکوئسٹ قبول کریں یا مسترد۔
واٹس ایپ میں ڈیوائس لنکنگ وارننگ کا فیچر متعارف کرایا جا رہا ہے۔ اس کا مقصد یہ ہے کہ اسکامرز صارفین کو دھوکا دے کر ان کے اکاؤنٹس سے لنک ہونے سے روک دیے جائیں۔ اس فیچر کے ذریعے صارفین کو بتایا جائے گا کہ لنکنگ ریکوئسٹ کہاں سے آئی ہے اور یہ مشتبہ ہو سکتی ہے۔
میسنجر میں ایڈوانسڈ اسکام ڈیٹیکشن فیچر مزید ممالک میں متعارف کرایا جائے گا۔ اس فیچر کے ذریعے صارفین کو نئے کانٹیکٹس سے چیٹ کرتے وقت اسکام سے متعلق رویوں کے بارے میں انتباہ ملے گا۔ کمپنی نے ابھی یہ نہیں بتایا کہ یہ فیچر کون سے ممالک میں دستیاب ہوگا۔









