
اسلام آباد: اسلام آباد ہائی کورٹ نے موٹر سائیکلوں پر ایم ٹیگ کے نفاذ کے خلاف دائر درخواست کی سماعت کے دوران انتظامیہ کو ہدایت کی ہے کہ طلبہ کو اس معاملے میں ریلیف دیا جائے اور انہیں ہراساں نہ کیا جائے۔
چیف جسٹس سرفراز ڈوگر نے سماعت کی اور اس دوران استفسار کیا کہ طلبہ کے لیے رعایت کیوں نہیں دی جا رہی اور موٹر سائیکلوں پر ایم ٹیگ لگانے کی ضرورت کیا ہے۔
اسٹیٹ کونسل عبد الرحمن نے عدالت کو بتایا کہ گزشتہ کچہری دھماکے کے بعد سیکیورٹی بڑھانے کے لیے یہ پالیسی بنائی گئی تھی۔ اس دھماکے میں 12 افراد شہید اور 36 زخمی ہوئے تھے، اور اس میں موٹر سائیکل استعمال ہوئی تھی۔ انتظامیہ کا موقف تھا کہ ایم ٹیگ کے ذریعے سیکیورٹی کو مزید مؤثر بنایا جا رہا ہے۔
چیف جسٹس نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ عوام کی حفاظت اولین ترجیح ہے، لیکن طلبہ کو اس معاملے میں ریلیف اور سہولت دی جائے تاکہ انہیں ہراساں نہ کیا جائے۔ عدالت نے اسٹیٹ کونسل کو ہدایت دی کہ چیف کمشنر کو عدالتی ہدایات سے آگاہ کیا جائے اور انتظامیہ کا جواب عدالت میں جمع کرایا جائے۔
عدالت نے کیس کی سماعت 6 اپریل تک ملتوی کر دی۔ سماعت کے دوران اسٹیٹ کونسل عبد الرحمن انتظامیہ کی جانب اور ڈی ایس پی لیگل ساجد چیمہ پولیس کی جانب سے پیش ہوئے۔








