پاکستان نے اسرائیل کی نئی کارروائیوں کی شدید مذمت کی

0
28
پاکستان نے اسرائیل کی نئی کارروائیوں کی شدید مذمت کی

اسلام آباد: پاکستان نے مقبوضہ مغربی کنارے میں اسرائیل کی جانب سے حالیہ اقدامات کو سختی سے مسترد کیا ہے۔ دفتر خارجہ کے ترجمان کے مطابق، یہ اقدامات بین الاقوامی قانون اور اقوام متحدہ کی متعلقہ قراردادوں کی کھلی خلاف ورزی ہیں۔
ترجمان نے کہا کہ اسرائیل کی غیر قانونی آبادکاری کی حالیہ توسیع اور زمینوں کو ریاستی ملکیت میں منتقل کرنے کی کوششیں خطے میں امن کے امکانات کو کمزور کر رہی ہیں۔ پاکستان نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اسرائیل کی جانب سے کیے جانے والے ان اقدامات کو مسترد کرے اور بین الاقوامی قوانین کی پاسداری کو یقینی بنائے۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ پاکستان فلسطینی عوام کے حق خودارادیت کی مکمل حمایت کرتا ہے اور 1967 سے پہلے کی سرحدوں کے اندر ایک آزاد اور مربوط فلسطینی ریاست کے قیام کے عزم کا اعادہ کرتا ہے، جس کا دارالحکومت القدس الشریف ہوگا۔
دفتر خارجہ نے واضح کیا کہ پاکستان فلسطینی عوام کے ساتھ اپنی اصولی حمایت جاری رکھے گا اور خطے میں پائیدار امن کے لیے عالمی کوششوں میں شریک رہے گا۔

Leave a reply