نائجیریا کی ریاست نائجر میں مسلح حملے، درجنوں افراد جاں بحق

0
22
نائجیریا کی ریاست نائجر میں مسلح حملے، درجنوں افراد جاں بحق

نائیجیریا کی شمالی ریاست نائجر میں موٹر سائیکلوں پر سوار مسلح افراد کے مختلف دیہات پر حملوں میں کم از کم 32 افراد ہلاک جبکہ متعدد زخمی اور لاپتا ہو گئے۔
ریاستی پولیس ترجمان واسیو ابیودون کے مطابق حملہ آوروں نے تین دیہات کو نشانہ بنایا۔ سب سے پہلے ٹُنگا ماکیری گاؤں پر دھاوا بولا گیا جہاں چھ افراد جان سے گئے، کئی گھروں کو نذرِ آتش کیا گیا اور متعدد افراد کو اغوا کر لیا گیا۔ بعد ازاں مسلح افراد کونکوسو گاؤں کی جانب بڑھ گئے۔
مقامی ذرائع کا کہنا ہے کہ کونکوسو میں فائرنگ کا سلسلہ صبح سویرے شروع ہوا اور حملہ آوروں نے اندھا دھند گولیاں چلائیں۔ مختلف اطلاعات کے مطابق یہاں ہلاکتوں کی تعداد 26 سے 38 کے درمیان بتائی جا رہی ہے۔ گاؤں میں قائم پولیس اسٹیشن کو بھی آگ لگا دی گئی جبکہ کئی افراد تاحال لاپتا ہیں۔
حملہ آوروں نے اس کے بعد پیسا نامی گاؤں میں بھی کارروائی کی جہاں ایک شخص کو قتل کر دیا گیا اور متعدد مکانات کو نذرِ آتش کر دیا گیا۔
نائجر اور کوارا ریاستوں کی سرحد کے قریب واقع کینجی جنگل کو مسلح اور شدت پسند گروہوں کی محفوظ پناہ گاہ سمجھا جاتا ہے، جہاں ماضی میں بوکو ہرم سمیت دیگر گروہ سرگرم رہے ہیں۔
مقامی مذہبی و سماجی رہنماؤں نے وفاقی حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ علاقے میں مستقل فوجی اڈہ قائم کیا جائے تاکہ حملوں کا سلسلہ روکا جا سکے۔
حال ہی میں ڈونلڈ ٹرمپ نے الزام عائد کیا تھا کہ نائجیریا میں دہشت گرد عیسائی برادری کو نشانہ بنا رہے ہیں، تاہم نائجیرین حکام نے اس مؤقف کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ تشدد سے مسلم اور عیسائی دونوں برادریاں متاثر ہو رہی ہیں۔

Leave a reply