
بھارتی کرکٹ ٹیم کے اوپنر ابھیشیک شرما معدے کے انفیکشن کے باعث اسپتال میں زیرِ علاج ہیں جس کے باعث ان کی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں نمیبیا کے خلاف آئندہ گروپ میچ میں شرکت غیر یقینی ہو گئی ہے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق ابھیشیک کی طبیعت امریکا کے خلاف میچ سے قبل ہی ناساز تھی، تاہم انہوں نے میچ میں شرکت کی۔ مقابلے کے بعد ان کی حالت مزید خراب ہوگئی جس پر انہیں فوری طبی امداد فراہم کی گئی۔ بتایا گیا ہے کہ انہیں تیز بخار تھا اور انہیں ڈرپس بھی لگائی گئیں۔
خراب صحت کے باعث وہ نئی دہلی کے ارون جیٹلی اسٹیڈیم میں ہونے والے پریکٹس سیشن میں بھی شریک نہیں ہو سکے۔ بعد ازاں انہیں دہلی کے ایک نجی اسپتال منتقل کر دیا گیا جہاں مختلف ٹیسٹ کیے جا رہے ہیں تاکہ بیماری کی اصل نوعیت کا تعین کیا جا سکے۔
تاحال ان کی اسپتال سے رخصتی کے بارے میں کوئی حتمی اطلاع سامنے نہیں آئی، البتہ نمیبیا کے خلاف میچ میں ان کی دستیابی مشکوک قرار دی جا رہی ہے۔
بھارتی ٹیم کے اسسٹنٹ کوچ ریان ٹین ڈوشیٹ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ ابھیشیک کو معدے سے متعلق مسائل کا سامنا ہے، تاہم امید ظاہر کی جا رہی ہے کہ وہ آئندہ دو روز میں فٹ ہو سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ٹیم میڈیکل اسٹاف کی رپورٹ کی منتظر ہے اور صورتحال کا مسلسل جائزہ لیا جا رہا ہے۔
امریکا کے خلاف میچ میں ابھیشیک شرما بیٹنگ میں خاطر خواہ کارکردگی نہ دکھا سکے اور بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوگئے۔ بعد ازاں وہ فیلڈنگ کے دوران بھی میدان میں نظر نہیں آئے اور ان کی جگہ سنجو سیمسن نے ذمہ داریاں سنبھالیں۔ میچ کے اختتام پر بھی وہ ٹیم کے ہمراہ روایتی مصافحے کی تقریب میں شریک نہیں ہوئے۔
دریں اثنا، اسسٹنٹ کوچ نے بتایا کہ آل راؤنڈر واشنگٹن سندر کو نمیبیا کے خلاف میچ سے قبل اسکواڈ میں شامل کر لیا گیا ہے۔ وہ ٹیم کو جوائن کر چکے ہیں اور آئندہ پریکٹس سیشن میں حصہ لیں گے۔
ریان ٹین ڈوشیٹ نے فاسٹ باؤلر جسپریت بمراہ کی فٹنس پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ وقفے کے بعد دوبارہ باؤلنگ کر رہے ہیں اور پہلے سے بہتر محسوس کر رہے ہیں۔ ان کی باڈی موومنٹ میں بھی بہتری آئی ہے اور وہ جلد مکمل ردھم میں نظر آئیں گے۔
امریکا کے خلاف فتح پر بات کرتے ہوئے اسسٹنٹ کوچ نے کپتان سوریہ کمار یادیو کی اننگز کو سراہا۔ ان کے مطابق حالیہ عرصہ کپتان کے لیے آسان نہیں تھا، لیکن اہم موقع پر ان کی ذمہ دارانہ بیٹنگ نے ٹیم کو مشکل صورتحال سے نکالا اور قیادت کا بھرپور ثبوت دیا۔









