
اسپیس اینڈ اپر ایٹموسفیر ریسرچ کمیشن (اسپارکو) نے پاکستان کے ہیومن اسپیس فلائٹ پروگرام میں ایک اور نمایاں پیش رفت حاصل کر لی ہے۔
پاک فوج کے شعبۂ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق، اسپارکو نے خلا باز امیدواروں کے انتخاب کے دوسرے مرحلے کو کامیابی سے مکمل کر لیا ہے۔ ملک میں ابتدائی جانچ کے عمل کے بعد دو امیدواروں کو حتمی فہرست میں شامل کیا گیا۔
منتخب امیدواروں نے چین کے آسٹروناٹس سینٹر میں بین الاقوامی انسانی خلائی پرواز کے معیار کے مطابق طبی، نفسیاتی اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں پر مشتمل جامع ٹیسٹ کامیابی سے مکمل کیے۔ اب یہ دونوں امیدوار چھ ماہ پر محیط خصوصی خلا بازی کی تربیت کے لیے چین میں قیام کریں گے۔
تربیتی مرحلہ مکمل ہونے کے بعد اکتوبر یا نومبر میں ایک امیدوار کو چینی خلائی اسٹیشن پر مجوزہ خلائی مشن کے لیے منتخب کیے جانے کا امکان ہے۔
واضح رہے کہ پاکستان اور چین کے درمیان انسانی خلائی پرواز کے شعبے میں یہ تعاون فروری 2025 میں طے پانے والے دو طرفہ معاہدے کے تحت ہو رہا ہے، جس پر وزیراعظم پاکستان کی قیادت میں دستخط کیے گئے تھے۔









