بجلی صارفین کے لیے نیا جھٹکا، فی یونٹ 28 پیسے اضافہ

0
66
بجلی صارفین کے لیے نیا جھٹکا، فی یونٹ 28 پیسے اضافہ

بجلی صارفین کے لیے ایک اور منفی پیش رفت سامنے آئی ہے، جہاں بجلی کی قیمت میں 28 پیسے فی یونٹ اضافہ کر دیا گیا ہے۔ اس اضافے کا باضابطہ نوٹیفکیشن نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) کی جانب سے جاری کر دیا گیا ہے۔
نیپرا کے مطابق یہ اضافہ دسمبر کی فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کی مد میں کیا گیا ہے، جس کا اطلاق ایک ماہ کے لیے ہو گا۔ اضافی رقم فروری کے ماہانہ بجلی کے بلوں میں صارفین سے وصول کی جائے گی۔
یہ اضافہ کے الیکٹرک سمیت ملک بھر کے تمام صارفین پر لاگو ہو گا، تاہم لائف لائن صارفین اور الیکٹرک وہیکل چارجنگ اسٹیشنز اس فیصلے سے مستثنیٰ ہوں گے۔
ادھر وفاقی حکومت نے سرکاری بجلی تقسیم کار کمپنیوں (ڈسکوز) اور کے الیکٹرک کے ٹیرف کو یکساں کرنے کا فیصلہ بھی کر لیا ہے۔ کابینہ کی منظوری کے بعد یونیفارم ٹیرف میں نظرثانی کے لیے نیپرا کو باقاعدہ درخواست ارسال کر دی گئی ہے۔
حکومت کی جانب سے بجلی ٹیرف میں تبدیلی سے متعلق دائر درخواست پر نیپرا نے سماعت کا اعلان کر دیا ہے۔ درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ فکسڈ چارجز سے متعلق پالیسی گائیڈ لائنز ابھی زیر غور ہیں جبکہ ٹیرف ڈیفرینشل سبسڈی کو 249 ارب روپے کی سطح پر برقرار رکھنے کی تجویز دی گئی ہے۔ نیپرا اس معاملے پر 10 فروری کو سماعت کرے گا۔

Leave a reply