اسمارٹ فون کا کیمرہ: تصاویر سے زیادہ روزمرہ کے کاموں میں مددگار

0
83
اسمارٹ فون کا کیمرہ: تصاویر سے زیادہ روزمرہ کے کاموں میں مددگار

آج کے جدید اسمارٹ فونز میں کیمرہ صرف تصاویر یا ویڈیوز کے لیے نہیں رہا بلکہ یہ روزمرہ کے کئی کاموں کو آسان بنانے والا ایک مؤثر ٹول بن چکا ہے، حالانکہ بیشتر صارفین اب بھی اس کے مفید فیچرز سے واقف نہیں ہیں۔
اگر ٹی وی یا اے سی کا ریموٹ اچانک کام کرنا بند کر دے تو اس مسئلے کی تشخیص مشکل ہو جاتی ہے۔ فون کے کیمرے کے ذریعے آسانی سے معلوم کیا جا سکتا ہے کہ مسئلہ بیٹری کا ہے یا ریموٹ خراب ہے۔ بس ریموٹ کو کیمرے کے سامنے رکھیں اور بٹن دبائیں؛ اگر آئی آر بلاسٹر پر روشنی نظر آئے تو ریموٹ ٹھیک ہے، ورنہ بیٹری تبدیل کرنے کی ضرورت ہے۔
دواؤں کے پیکٹ، بل یا کسی دستاویز پر چھوٹے حروف پڑھنا مشکل ہو سکتا ہے۔ اسمارٹ فون کا کیمرہ میگنفائنگ گلاس کی طرح کام کرتا ہے۔ زوم اور آٹو فوکس کی مدد سے باریک تحریر واضح ہو جاتی ہے، اور فلیش آن کرنے سے مزید آسانی حاصل ہوتی ہے۔
کبھی کسی چیز کی لمبائی یا چوڑائی ناپنی پڑتی ہے لیکن اسکیل دستیاب نہیں ہوتا۔ اسمارٹ فون کی مدد سے پیمائش ممکن ہے۔ آئی فون میں موجود پیمائش ایپ یا اینڈرائیڈ کے لیے دستیاب مختلف ایپس کے ذریعے درست نتائج حاصل کیے جا سکتے ہیں۔
سفر کے دوران یا کسی ریستوران میں جب مینو کسی غیر زبان میں ہو، فون کا کیمرہ فوری مدد فراہم کرتا ہے۔ گوگل ٹرانسلیٹ جیسی ایپس کے ذریعے متن اسکین کر کے فوراً ترجمہ کیا جا سکتا ہے، جس سے سمجھنا آسان ہو جاتا ہے۔
کسی پراڈکٹ یا آئٹم کے بارے میں معلومات حاصل کرنے کے لیے گوگل لینس کا استعمال کریں۔ صرف تصویر کھینچیں اور لمحوں میں اس کے متعلق مکمل تفصیلات حاصل کریں۔
کاغذات یا فارم اسکین کرنے کے لیے الگ اسکینر کی ضرورت نہیں۔ کیمرے کے اسکیننگ فیچر سے صاف اور واضح اسکین تیار کر کے فوری طور پر ای میل یا میسج کیا جا سکتا ہے۔
اسمارٹ فون کا کیمرہ اب صرف فوٹوگرافی تک محدود نہیں رہا بلکہ یہ روزمرہ زندگی میں ایک اسمارٹ اسسٹنٹ کی حیثیت اختیار کر چکا ہے۔ صحیح طریقے سے استعمال کرنے پر یہ کئی مسائل کا فوری اور آسان حل فراہم کرتا ہے۔

Leave a reply