
میئر کراچی مرتضیٰ وہاب نے پاکستان تحریک انصاف کے کراچی میں منعقدہ جلسے پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ باغِ جناح ایک وسیع میدان ہے جسے بھرنا آسان کام نہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر پی ٹی آئی کے پاس جلسے کے لیے افراد کی کمی تھی تو وہ مدد کے لیے ان سے رجوع کر سکتے تھے۔
انہوں نے خیبرپختونخوا کے وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کے کراچی میں جلسے کے انعقاد پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ صوبے میں ترقیاتی کام کرنے کے بجائے دیگر صوبوں میں احتجاجی سرگرمیوں پر توجہ دی جا رہی ہے۔
دوسری جانب وزیرِ مملکت بلال اظہر کیانی نے کہا ہے کہ پُرامن احتجاج کا تصور اور پی ٹی آئی کی حالیہ سرگرمیاں ایک دوسرے سے مختلف ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ احتجاج کے نام پر انتشار قابلِ قبول نہیں۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے کراچی کے علاقے نمائش چورنگی میں جلسے سے خطاب کیا۔ اس موقع پر انہوں نے الزام عائد کیا کہ مختلف مقامات پر پولیس کی جانب سے کارکنوں کے ساتھ سخت رویہ اختیار کیا گیا، تاہم اس کے باوجود بڑی تعداد میں لوگ جلسے میں شریک ہوئے۔
سہیل آفریدی نے کہا کہ پنجاب اور سندھ دونوں صوبوں میں ان کی جماعت کے ساتھ اچھا سلوک نہیں کیا گیا۔ انہوں نے اعلان کیا کہ آئندہ مرحلے میں خیبرپختونخوا میں احتجاجی تحریک کو مزید منظم کیا جائے گا اور اسٹریٹ موومنٹ کے ذریعے پارٹی قیادت کا پیغام پورے ملک تک پہنچایا جائے گا۔









