نو مئی ویڈیوز: فرانزک رپورٹ میں سہیل آفریدی کی موجودگی کی تصدیق

0
75
نو مئی ویڈیوز: فرانزک رپورٹ میں سہیل آفریدی کی موجودگی کی تصدیق

پشاور میں نو مئی کے واقعات کے حوالے سے سامنے آنے والی ویڈیوز کی فرانزک جانچ مکمل کر لی گئی ہے۔ پنجاب فرانزک سائنس لیبارٹری نے انسدادِ دہشت گردی عدالت کی ہدایت پر تیار کی گئی اپنی رپورٹ میں ویڈیوز کے بصری تجزیے کے نتائج پیش کیے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق زیرِ تجزیہ ویڈیوز میں وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی، کامران بنگش، تیمور جھگڑا اور عرفان سلیم کی موجودگی کی تصدیق کی گئی ہے۔ یہ فرانزک رپورٹ ریڈیو پاکستان پشاور حملہ کیس میں عدالت کی جانب سے طلب کی گئی تھی۔
پولیس حکام نے بتایا کہ نو مئی کے واقعات سے متعلق مجموعی طور پر 16 ویڈیوز ایک یو ایس بی کے ذریعے پنجاب فرانزک سائنس لیبارٹری کو بھجوائی گئی تھیں، جہاں ان کا فریم بہ فریم تکنیکی اور بصری معائنہ کیا گیا۔
فرانزک رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ متعدد ویڈیوز میں کسی قسم کی ایڈیٹنگ یا ردوبدل کے شواہد سامنے نہیں آئے، تاہم بعض ویڈیوز میں لوگو اور تحریری متن شامل کیے جانے کی نشاندہی کی گئی ہے۔ مزید یہ کہ سہیل آفریدی اور عرفان سلیم سے متعلق دو ویڈیوز میں کلپس کو جوڑنے کے آثار بھی پائے گئے ہیں۔
ماہرین نے ویڈیوز میں موجود افراد کی شناخت کے لیے سوشل میڈیا پر دستیاب ان کی پروفائل تصاویر کا تقابلی جائزہ لیا۔ رپورٹ کے مطابق پروفائل تصاویر اور ویڈیوز میں نظر آنے والے افراد کے درمیان واضح مماثلت پائی گئی، جس کی بنیاد پر شناخت کی تصدیق کی گئی۔
فرانزک رپورٹ میں واضح کیا گیا ہے کہ یہ تمام تجزیہ صرف ویژول مواد تک محدود رہا اور آڈیو یا دیگر شواہد کو اس عمل کا حصہ نہیں بنایا گیا۔
رپورٹ کی تیاری کا عمل 19 دسمبر سے 23 دسمبر 2025 کے دوران مکمل ہوا، جبکہ پولیس حکام کے مطابق یہ رپورٹ عدالت میں جمع کروا دی جائے گی۔

Leave a reply