شمالی کوریا کا میزائل پروگرام مزید پانچ سال جاری رکھنے کا فیصلہ

0
133
شمالی کوریا کا میزائل پروگرام مزید پانچ سال جاری رکھنے کا فیصلہ

شمالی کوریا کے رہنما کم جونگ اُن نے اعلان کیا ہے کہ ملک آئندہ پانچ برسوں تک اپنے میزائل پروگرام کو جاری رکھے گا۔ یہ فیصلہ قومی دفاعی صلاحیت کو مضبوط بنانے کی حکمتِ عملی کا حصہ قرار دیا جا رہا ہے۔
سرکاری میڈیا کے مطابق کم جونگ اُن نے 2025 کی آخری سہ ماہی میں ملک کے بڑے دفاعی صنعتی مراکز کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے اسلحہ اور میزائل سازی سے متعلق جاری منصوبوں کا تفصیلی جائزہ لیا۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ میزائل اور گولہ بارود کی تیاری شمالی کوریا کی دفاعی طاقت میں مرکزی کردار ادا کرتی ہے۔
رپورٹس کے مطابق کم جونگ اُن نے اسلحہ سازی کے اداروں کو جدید خطوط پر استوار کرنے سے متعلق منصوبوں کی منظوری بھی دے دی ہے۔ یہ تجاویز آئندہ ایک اہم پارٹی کانگریس میں پیش کی جائیں گی، جو 2026 کے آغاز میں متوقع ہے۔ اسی کانگریس میں ملک کے اگلے پانچ سالہ قومی ترقیاتی منصوبے کو حتمی شکل دی جائے گی۔
یہ پیش رفت ایسے وقت سامنے آئی ہے جب حال ہی میں ریاستی ذرائع ابلاغ نے اطلاع دی تھی کہ کم جونگ اُن نے اپنی بیٹی کے ساتھ ایک نئی جوہری آبدوز کے تعمیراتی عمل کا معائنہ کیا ہے، جس کا وزن تقریباً 8 ہزار 700 ٹن بتایا جا رہا ہے۔ اس کے علاوہ طویل فاصلے تک مار کرنے والے زمین سے فضا میں مار کرنے والے میزائلوں کے تجربات کی نگرانی بھی کی گئی۔

Leave a reply