پاکستان کابرطانیہ سےشہزاداکبراورعادل راجہ کی فوری حوالگی کامطالبہ

0
65
پاکستان کابرطانیہ سےشہزاداکبراورعادل راجہ کی فوری حوالگی کامطالبہ

اسلام آباد میں جمعرات کے روز وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی اور برطانوی ہائی کمشنر جین میریٹ کے درمیان ہونے والی ملاقات میں پاکستان نے برطانیہ سے پاکستان تحریک انصاف کے سابق رہنما شہزاد اکبر اور یوٹیوبر عادل راجہ کی فوری حوالگی کا باضابطہ مطالبہ کیا۔

مذاکرات میں دوطرفہ تعلقات، سیکیورٹی تعاون اور برطانیہ میں غیرقانونی طور پر مقیم پاکستانیوں کی وطن واپسی جیسے اہم امور پر گفتگو ہوئی۔ اس موقع پر حکومتِ پاکستان کی جانب سے دونوں افراد کی ایکسٹراڈیشن سے متعلق دستاویزات برطانوی ہائی کمشنر کے حوالے کیے گئے۔

محسن نقوی کے مطابق شہزاد اکبر اور عادل راجہ پاکستان میں مختلف مقدمات میں مطلوب ہیں، اس لیے انہیں جلد پاکستان لانا ضروری ہے۔ میڈیا سے بات کرتے ہوئے وزیر داخلہ نے کہا کہ بیرونِ ملک بیٹھ کر بہتان تراشی اور منظم پروپیگنڈا کوئی بھی ملک برداشت نہیں کرتا۔

انہوں نے بتایا کہ حکومت نے برطانوی حکام کو ایسے افراد کے خلاف شواہد بھی فراہم کیے ہیں جو بیرون ملک سے پاکستان مخالف سرگرمیوں میں مصروف ہیں۔ محسن نقوی کا کہنا تھا کہ پاکستان آزادی اظہار پر یقین رکھتا ہے، تاہم فیک نیوز اور منفی مہمات ایک سنگین مسئلہ ہیں جن کے تدارک کے لیے عالمی سطح پر تعاون ناگزیر ہے۔

وزیر داخلہ نے امید ظاہر کی کہ برطانیہ قانون کے مطابق اس معاملے میں پاکستان کی مکمل مدد کرے گا۔

Leave a reply