وزارتِ مذہبی امور کا حج 2026 کے لیے میڈیکل مشن بھرتی کا اعلان

0
121
وزارتِ مذہبی امور کا حج 2026 کے لیے میڈیکل مشن بھرتی کا اعلان

حج کے دوران پاکستانی عازمینِ حج کو طبی سہولیات فراہم کرنے کے لیے وزارتِ مذہبی امور نے میڈیکل مشن کی تشکیل کا فیصلہ کرتے ہوئے ڈاکٹرز اور پیرامیڈیکل اسٹاف کی بھرتی کا آغاز کر دیا ہے۔ وزارت کے مطابق بھرتی کا عمل نیشنل ٹیسٹنگ سروس کے ذریعے کیا جائے گا اور درخواستیں جمع کرانے کی آخری تاریخ کل مقرر ہے۔

جاری کردہ تفصیلات کے مطابق حج مشن کے لیے مجموعی طور پر 98 ڈاکٹرز، فارماسسٹس اور 196 پیرامیڈیکل اسٹاف سعودی عرب روانہ کیے جائیں گے۔ امیدواروں کی عمر 25 سے 55 سال کے درمیان ہونی چاہیے جبکہ کم از کم تین سال کا سرکاری تجربہ اور سروس میں حاضر ہونا بھی لازمی قرار دیا گیا ہے۔

امیدواروں کے لیے اپنے متعلقہ ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال سے میڈیکل فٹنس سرٹیفکیٹ جمع کرانا ضروری ہوگا۔ اعلامیے میں واضح کیا گیا ہے کہ دل، شوگر یا ہائی بلڈ پریشر کے مریض بھرتی کے اہل نہیں ہوں گے۔ وزارت نے یہ بھی بتایا ہے کہ بھرتی میں خواتین میڈیکل اسٹاف کے لیے 30 فیصد کوٹہ مختص کیا گیا ہے۔

منتخب ہونے والے افراد حج کے دوران سعودی عرب میں خدمات انجام دیں گے، جبکہ سعودی قوانین کی خلاف ورزی پر فوری وطن واپسی کی کارروائی کی جائے گی۔ وزارت کا کہنا ہے کہ میڈیکل مشن کی تعیناتی وفاقی حکومت کی ہدایات کے مطابق عمل میں لائی جائے گی۔

Leave a reply