بھارت میں لرزہ خیز واقعہ: خاتون کو ہراسانی سے بچانے پر بین الاقوامی ایتھلیٹ بے دردی سے قتل

بھارتی ریاست ہریانہ کے شہر روہتک میں ایک دل دہلا دینے والا واقعہ پیش آیا جہاں خاتون کو ہراسانی سے بچانے کی قیمت بین الاقوامی ویٹ لفٹنگ ایتھلیٹ روہت کو اپنی جان دے کر چکانی پڑی۔
عینی شاہدین کے مطابق شادی کی ایک خوشیوں بھری تقریب اس وقت میدانِ جنگ بن گئی جب نشے کی حالت میں موجود ایک شخص، راہول، خواتین کے بارے میں نازیبا الفاظ کہنے لگا۔ روہت نے جرات کا مظاہرہ کرتے ہوئے اس کی حرکت پر اعتراض کیا، جس سے دونوں کے درمیان تلخ جھگڑا شروع ہوا۔ اگرچہ موقع پر موجود لوگوں نے صورتحال سنبھال لی، لیکن یہ معاملہ یہیں ختم نہ ہوا۔
تقریب سے واپسی پر راہول نے اپنے ساتھیوں کے ساتھ روہت کا پیچھا کیا اور راستے میں ان کی گاڑی روک کر ان پر ڈنڈوں اور لوہے کی سلاخوں سے بے رحمی سے حملہ کر دیا۔ شدید زخمی حالت میں روہت کو اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں دو روز تک زندگی اور موت کی کشمکش میں رہنے کے بعد وہ دم توڑ گئے۔
پولیس کے مطابق ابتدائی جھگڑا سیلفی لینے کے مسئلے پر شروع ہوا، تاہم بعد میں یہ اشتعال انگیزی بہیمانہ تشدد میں بدل گئی۔ واقعے کے بعد علاقے میں خوف و ہراس کی فضا پھیل گئی جبکہ ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔
اہلِ علاقہ اور کھیل سے وابستہ حلقوں نے روہت کی قربانی کو بہادری کی مثال قرار دیتے ہوئے انصاف کا مطالبہ کیا ہے۔









