
اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) کی نئے سرے سے تشکیل نو کی منظوری دے دی۔
وزیراعظم کی منظوری کے بعد کابینہ ڈویژن نے ای سی سی کی نئی تشکیل کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔ نوٹیفکیشن کے مطابق وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب ای سی سی کے چیئرمین کے عہدے پر برقرار رہیں گے، جبکہ وفاقی وزیر سرمایہ کاری بورڈ قیصر احمد شیخ کو ای سی سی کا رکن مقرر کیا گیا ہے۔
وفاقی وزیر سرمایہ کاری بورڈ کی شمولیت کے بعد ای سی سی کے ارکان کی تعداد بڑھ کر 8 ہو گئی ہے۔ دیگر ارکان میں وفاقی وزیر اقتصادی امور احد چیمہ، وزیر پاور ڈویژن اویس لغاری، وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک، وزیر تجارت جام کمال خان، وزیر نیشنل فوڈ سکیورٹی رانا تنویر حسین اور وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی احسن اقبال شامل ہیں۔
یاد رہے کہ اس سے قبل ای سی سی کی تشکیل 22 مئی کو کی گئی تھی جس میں 7 ارکان شامل تھے۔








