
ایپل کی جانب سے رواں سال آئی فون 17 سیریز متعارف کرائی گئی تھی، تاہم اب 2027 میں آنے والے ماڈلز سے متعلق ابتدائی معلومات سامنے آنا شروع ہو گئی ہیں۔
خیال رہے کہ 2027 میں ایپل کو پہلا آئی فون متعارف کرائے 20 سال مکمل ہو جائیں گے، اور اس خاص موقع پر کمپنی کی جانب سے آئی فون کے ڈیزائن میں بڑی تبدیلی کیے جانے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔
ذرائع کے مطابق، ایپل 2027 میں “آئی فون 19” کی بجائے براہ راست “آئی فون 20” سیریز متعارف کرا سکتا ہے۔ اس سے قبل 2017 میں بھی کچھ ایسا ہی دیکھنے میں آیا تھا جب آئی فون کی 10 ویں سالگرہ کے موقع پر کمپنی نے آئی فون ایکس متعارف کرایا تھا، جو اپنے وقت کے دیگر ماڈلز سے مختلف ڈیزائن کا حامل تھا۔
موجودہ رپورٹس میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ آئی فون 20 سیریز میں اس بار بیزل لیس ڈسپلے شامل ہوگا اور یہ ڈیوائسز مکمل طور پر نئے انداز میں پیش کی جائیں گی۔
مزید اطلاعات کے مطابق، ایپل 2026 میں روایتی اسٹینڈرڈ آئی فون ماڈل پیش نہیں کرے گا بلکہ اس سال صرف “آئی فون ائیر”، “پرو” اور ایک فولڈ ایبل “آئی فون فولڈ” ماڈل متوقع ہیں۔
2027 میں، آئی فون 20 سیریز مکمل طور پر متعارف کرائی جائے گی، جس میں اسٹینڈرڈ ماڈل سال کے آغاز میں جبکہ پرو، ائیر اور فولڈ 2 ماڈلز سال کے دوسرے حصے میں پیش کیے جائیں گے۔
اگرچہ یہ تمام معلومات غیر مصدقہ ذرائع پر مبنی ہیں، تاہم ایپل کے ماضی کے رجحانات کو دیکھتے ہوئے یہ پیش گوئیاں قابلِ غور ضرور ہیں۔









