کینیڈا: مسجد کے بانی رکن کا قتل، بیٹا گرفتار

کینیڈا کے شہر آشوا میں ایک افسوسناک واقعہ سامنے آیا ہے جہاں مقامی مسجد کے بانی رکن کو قتل کر دیا گیا۔ پولیس نے مقتول کے بیٹے کو حراست میں لے لیا ہے۔
پولیس رپورٹ کے مطابق 80 سالہ شخص، جن کی شناخت ابراہیم بالا کے نام سے ہوئی ہے، 16 اکتوبر کو مسجد کے قریب مردہ حالت میں پائے گئے تھے۔ وہ شہر میں اسلامی مرکز کے بانی اراکین میں شامل تھے اور کمیونٹی میں خاصی عزت کی نگاہ سے دیکھے جاتے تھے۔
تحقیقات کے بعد حکام نے 42 سالہ صہیب بالا، جو مقتول کے بیٹے ہیں، کو گرفتار کر کے تفتیش شروع کر دی ہے۔ پولیس کی جانب سے قتل کے محرکات پر تاحال کوئی باضابطہ بیان سامنے نہیں آیا۔
مقامی مسلم کمیونٹی نے واقعے پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ انصاف کے تمام تقاضے پورے کیے جائیں اور واقعے کی شفاف تحقیقات کی جائیں۔









