پاکستان کا پہلا ہائپر اسپیکٹرل سیٹلائٹ خلا میں بھیج دیا گیا

0
91
پاکستان کا پہلا ہائپر اسپیکٹرل سیٹلائٹ خلا میں بھیج دیا گیا

پاکستان نے اپنا پہلا ہائپر اسپیکٹرل سیٹلائٹ “ایچ ایس ون” چین سے خلا میں روانہ کر دیا ہے۔ یہ مشن پاکستان کی قومی خلائی پالیسی اور وژن 2047 کا اہم حصہ ہے، جس کا مقصد سائنسی ترقی، ماحولیاتی نگرانی اور انفراسٹرکچر کی منصوبہ بندی میں بہتری لانا ہے۔

اس سیٹلائٹ کی مدد سے زراعت، شہری منصوبہ بندی، ماحولیاتی تبدیلیوں اور قدرتی آفات جیسے سیلاب اور لینڈسلائیڈز کی نگرانی ممکن ہوگی۔ ماہرین کے مطابق “ایچ ایس ون” زمین کے مختلف پہلوؤں کو ہائپر اسپیکٹرل ٹیکنالوجی کے ذریعے گہرائی سے دیکھنے کی صلاحیت رکھتا ہے، جو ارضیاتی اور ماحولیاتی خطرات کی بروقت پیش گوئی میں مدد دے گا۔

سیٹلائٹ کو مدار میں مکمل فعال ہونے میں تقریباً دو ماہ لگیں گے، جب کہ اس دوران مختلف سسٹمز کی جانچ جاری رہے گی۔

یہ رواں سال خلا میں بھیجا جانے والا پاکستان کا تیسرا سیٹلائٹ ہے۔ اس سے پہلے “ای او ون” اور “کے ایس ون” نامی سیٹلائٹس بھی کامیابی سے خلا میں بھیجے جا چکے ہیں، اور وہ اس وقت مکمل طور پر فعال ہیں۔

یہ پیش رفت پاکستان کے خلائی پروگرام میں ایک اہم سنگِ میل سمجھی جا رہی ہے، جو جدید ٹیکنالوجی کے نئے دور میں داخل ہو رہا ہے۔

Leave a reply