واٹس ایپ میں متعدد نئے فیچرز کا اضافہ: موشن فوٹوز، گروپ سرچ اور مزید

0
157
واٹس ایپ میں متعدد نئے فیچرز کا اضافہ: موشن فوٹوز، گروپ سرچ اور مزید

دنیا بھر میں اربوں صارفین کی پسندیدہ میسجنگ ایپ واٹس ایپ نے کئی نئے فیچرز متعارف کرانے کا اعلان کیا ہے۔ ان فیچرز کو مرحلہ وار متعارف کرایا جا رہا ہے اور آئندہ چند ہفتوں میں یہ تمام صارفین کو دستیاب ہوں گے۔

واٹس ایپ کی جانب سے جاری کردہ تفصیلات کے مطابق، موشن فوٹوز نامی نیا فیچر صارفین کو تصویر لیتے وقت مختصر آڈیو اور ویڈیو کلپ ریکارڈ کرنے کی سہولت فراہم کرے گا۔ اس فیچر کو آئی فون صارفین کے لیے “لائیو فوٹوز” جبکہ اینڈرائیڈ صارفین کے لیے “موشن فوٹوز” کا نام دیا گیا ہے۔

اس کے علاوہ، میٹا اے آئی کو ایپ میں مزید فعال کردار دیا جا رہا ہے۔ صارفین اب چیٹ تھیمز اور میڈیا بیک گراؤنڈز کو ذاتی نوعیت کا رنگ دینے کے لیے میٹا اے آئی کی مدد لے سکیں گے۔ یہ دونوں فیچرز “چیٹ تھیمز ود میٹا اے آئی” اور “بیک گراؤنڈ ود میٹا اے آئی” کے نام سے متعارف کرائے جا رہے ہیں۔

اسٹیکرز استعمال کرنے والے صارفین کے لیے بھی خوشخبری ہے۔ واٹس ایپ میں اب نئے اسٹیکر پیکس شامل کیے جا رہے ہیں جن میں “فیئرلیس برڈ”، “اسکول ڈیز” اور “ویکیشن” جیسے دلچسپ پیکس شامل ہیں۔

گروپ سرچ ایک اور اہم فیچر ہے جس کی بدولت صارفین کسی دوست کا نام سرچ کر کے فوری طور پر ان تمام گروپس کو دیکھ سکیں گے جن میں وہ دونوں شامل ہیں، اس سے گروپس کو تلاش کرنا مزید آسان ہو جائے گا۔

آخر میں، اینڈرائیڈ صارفین کے لیے ایک سہولت بخش فیچر بھی متعارف کرایا گیا ہے جس کے ذریعے وہ واٹس ایپ کے اندر ہی دستاویزات اسکین کر سکیں گے، اور اب کسی اضافی ایپ کی ضرورت نہیں رہے گی۔ یہ فیچر آئی او ایس صارفین کو پہلے ہی دستیاب تھا۔

واٹس ایپ کی جانب سے ان فیچرز کو صارف کے تجربے کو مزید بہتر بنانے کے لیے متعارف کرایا جا رہا ہے۔

Leave a reply