“یہ نسل کشی ہے” غزہ پر حملوں پر جینیفر لارنس اور ایما واٹسن برہم

ہالی وڈ کی معروف اداکارائیں جینیفر لارنس اور ایما واٹسن نے فلسطین کے علاقے غزہ میں جاری اسرائیلی کارروائیوں پر شدید ردِعمل دیتے ہوئے اسے انسانیت کے خلاف جرم قرار دیا ہے۔
آسکر ایوارڈ یافتہ اداکارہ جینیفر لارنس نے ایک بیان میں کہا کہ غزہ میں جو کچھ ہو رہا ہے، وہ کسی طور بھی معمولی نہیں بلکہ یہ نسل کشی کے مترادف ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ سب ناقابل قبول ہے اور عالمی برادری کو خاموش تماشائی بننے کے بجائے فوری ایکشن لینا چاہیے۔
ادھر اداکارہ ایما واٹسن نے بھی اپنی آواز اٹھاتے ہوئے کہا کہ آج کی دنیا میں اگر کوئی شخص غزہ میں ہونے والے مظالم پر بولنے کی کوشش کرتا ہے تو وہ خود کو غیر محفوظ محسوس کرتا ہے۔ ان کے بقول، اظہارِ رائے پر پابندیاں اور خوف کا ماحول ایک آزاد معاشرے کے لیے خطرناک رجحان ہے۔
دونوں اداکاراؤں نے اس بات پر زور دیا کہ انسانی حقوق کی پامالی پر خاموشی اختیار کرنا کسی بھی صورت درست نہیں، چاہے معاملہ دنیا کے کسی بھی کونے میں ہو۔
یہ بیانات ایسے وقت میں سامنے آئے ہیں جب غزہ میں مسلسل بمباری، محاصرے اور انسانی جانوں کے ضیاع پر دنیا بھر میں آوازیں بلند ہو رہی ہیں، لیکن ہالی وڈ کے بڑے ناموں کی کھل کر مخالفت ایک اہم پیش رفت تصور کی جا رہی ہے۔









