وزیراعظم کادورۂ امریکہ، مسلم رہنماؤں کے ہمراہ صدر ٹرمپ سے ملاقات طے

0
127
وزیراعظم کادورۂ امریکہ، مسلم رہنماؤں کے ہمراہ صدر ٹرمپ سے ملاقات طے

وزیراعظم پاکستان شہباز شریف اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے سالانہ اجلاس میں شرکت کے لیے امریکہ پہنچ گئے ہیں۔ وہ جنرل اسمبلی کے 26 ستمبر کو ہونے والے اجلاس میں پاکستانی وفد کی قیادت کریں گے اور اجلاس سے خطاب بھی کریں گے۔

اس دورے کے دوران وزیراعظم کی ملاقات کئی عالمی رہنماؤں سے متوقع ہے، جن میں مختلف مسلم ممالک کے سربراہان اور دیگر اہم عالمی شخصیات شامل ہیں۔ منگل کے روز وہ چھ مسلم ممالک کے قائدین کے ہمراہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے ملاقات کریں گے، جہاں علاقائی و عالمی امن، سلامتی، اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلۂ خیال کیا جائے گا۔

اپنے خطاب میں وزیراعظم شہباز شریف مسئلہ کشمیر اور فلسطین کو اجاگر کریں گے اور عالمی برادری پر ان تنازعات کے پرامن حل کے لیے عملی اقدامات کا مطالبہ کریں گے۔ اس کے ساتھ ساتھ وہ ماحولیاتی تبدیلی، دہشت گردی، اسلامو فوبیا، پائیدار ترقی، اور دیگر بین الاقوامی چیلنجز پر پاکستان کا مؤقف بھی پیش کریں گے۔

وزیراعظم اس موقع پر اقوام متحدہ کے منشور پر مکمل عملدرآمد، عالمی امن کے فروغ اور ترقی کے لیے پاکستان کے کردار پر روشنی ڈالیں گے، اور سلامتی کونسل کے رکن ملک کے طور پر فعال کردار ادا کرنے کے عزم کا اعادہ کریں گے۔

اس اہم دورے میں وزیراعظم کے ہمراہ نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار، دیگر وفاقی وزرا، اور اعلیٰ حکام بھی شامل ہیں۔

Leave a reply