
مچھر دنیا کے خطرناک ترین جانداروں میں شمار کیے جاتے ہیں کیونکہ یہ مختلف جان لیوا بیماریوں کے پھیلاؤ کا ذریعہ بنتے ہیں۔ ان سے بچاؤ ہمیشہ ایک اہم موضوع رہا ہے، مگر اب سائنسدانوں نے ان سے بچنے کا ایک حیران کن اور آسان طریقہ دریافت کیا ہے — سن اسکرین کا استعمال۔
نیدرلینڈز کی Radboud یونیورسٹی میڈیکل سینٹر کی ایک تحقیق کے مطابق، جو لوگ سن اسکرین لگاتے ہیں، وہ مچھروں کے لیے کم پرکشش ثابت ہوتے ہیں۔
یہ تحقیق نیدرلینڈز کے علاقے Biddinghuizen میں ہونے والے ایک میوزک فیسٹیول کے دوران کی گئی، جہاں تین دن تک ایک منفرد تجربہ کیا گیا۔ رضاکاروں نے اپنے ہاتھ ایسے شفاف ڈبوں میں ڈالے جن میں مچھر موجود تھے، اور کیمروں کے ذریعے ان مچھروں کے رویوں کا مشاہدہ کیا گیا۔
نتائج کے مطابق، کچھ افراد مچھروں کو فوراً اپنی جانب کھینچ لیتے تھے، جبکہ کچھ افراد کی جانب مچھر خاص توجہ نہیں دیتے تھے۔ خاص طور پر وہ افراد جو سن اسکرین استعمال کر رہے تھے، ان پر مچھروں کے حملوں میں 50 فیصد تک کمی دیکھی گئی۔
تحقیق میں یہ بھی انکشاف ہوا کہ بیئر پینے والے اور قریبی فاصلے پر سونے والے افراد مچھروں کے لیے زیادہ پرکشش ہوتے ہیں۔
اگرچہ تحقیق زیادہ تر نوجوانوں پر مبنی تھی، اس کے نتائج سے یہ اندازہ لگایا جا سکتا ہے کہ روزمرہ زندگی میں سن اسکرین کا استعمال نہ صرف جلد کو سورج کی شعاعوں سے بچاتا ہے بلکہ مچھروں سے بھی بچاؤ فراہم کر سکتا ہے۔








