سکھر میں جانور پر مبینہ تشدد، اونٹنی شدیدزخمی، مقدمہ درج

ضلع سکھر کی تحصیل صالح پٹ میں ایک بااثر شخص کی جانب سے مبینہ طور پر ایک اونٹنی پر تشدد کیے جانے کا واقعہ سامنے آیا ہے۔ اطلاعات کے مطابق اونٹنی ایک کھیت میں گھس کر پانی پی رہی تھی جس پر مالک زمین نے غصے میں آ کر جانور پر مبینہ طور پر شدید تشدد کیا۔
متاثرہ شخص کا کہنا ہے کہ اونٹنی کو ٹریکٹر سے باندھ کر گھسیٹا گیا اور اسے ڈنڈے مارے گئے، جس کے نتیجے میں جانور کی ٹانگ ٹوٹ گئی۔ زخمی اونٹنی کو جب طبی امداد کے لیے اسپتال لے جایا گیا تو مبینہ طور پر وہاں علاج سے انکار کر دیا گیا۔
واقعے پر وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ حکام سے رپورٹ طلب کرلی ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ جانوروں کے ساتھ بدسلوکی ناقابل قبول ہے اور ذمہ داروں کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
چیئرمین ڈسٹرکٹ کونسل سکھر کو ہدایت دی گئی ہے کہ زخمی اونٹنی کا فوری علاج کرایا جائے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ اونٹنی کے مالک کی مدعیت میں واقعے کا مقدمہ درج کر لیا گیا ہے، جس میں تین افراد کو نامزد کیا گیا ہے۔ اب تک ایک شخص کو گرفتار کر لیا گیا ہے جبکہ دیگر کی تلاش جاری ہے۔









