
پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں کاروباری ہفتے کے آغاز پر بھی مثبت تیزی کا رجحان جاری ہے۔ پیر کے روز مارکیٹ کے آغاز سے ہی خریداری کا رجحان غالب رہا، جس کے باعث 100 انڈیکس میں نمایاں اضافہ دیکھنے میں آیا۔
تازہ ترین اعداد و شمار کے مطابق، کے ایس ای 100 انڈیکس 780 پوائنٹس کے اضافے کے ساتھ 155,057 پوائنٹس کی سطح پر ٹریڈ کر رہا ہے، جو مارکیٹ میں سرمایہ کاروں کے بڑھتے ہوئے اعتمادکی عکاسی کرتاہے۔
یاد رہے کہ گزشتہ ہفتے کے اختتامی روز بھی مارکیٹ میں بھرپور تیزی دیکھی گئی تھی، جب انڈیکس پہلی بار 154 ہزار پوائنٹس کی حد سے تجاوز کر گیا تھا۔
مارکیٹ کے موجودہ رجحان کو دیکھتے ہوئے سرمایہ کاروں کو امید ہے کہ یہ تیزی آئندہ دنوں میں بھی برقرار رہ سکتی ہے، بشرطیکہ معاشی اشاریے مثبت رہیں۔









