
پرتگال کے عالمی شہرت یافتہ فٹبالر کرسٹیانو رونالڈو نے ایک بار پھر اپنی شاندار کارکردگی سے شائقین کو متاثر کرتے ہوئے فیفا ورلڈ کپ کوالیفائرز میں اہم سنگِ میل عبور کر لیا ہے۔
رونالڈو نے آرمینیا کے خلاف کھیلے گئے میچ میں دو گول اسکور کر کے نہ صرف پرتگال کو 0-5 سے کامیابی دلائی بلکہ ورلڈ کپ کوالیفائرز کی آل ٹائم اسکورنگ فہرست میں اپنی پوزیشن کو بہتر بناتے ہوئے 38 گولز کے ساتھ دوسرے نمبر پر پہنچ گئے۔ اس سے قبل وہ اور لیونل میسی دونوں 36، 36 گولز کے ساتھ مشترکہ طور پر دوسرے نمبر پر تھے۔ اب میسی 36 گولز کے ساتھ تیسرے نمبر پر آ گئے ہیں، جبکہ گوئٹے مالا کے کارلوس روئیز 39 گولز کے ساتھ بدستور پہلے نمبر پر موجود ہیں۔
میچ میں رونالڈو کا ایک گول لمبے فاصلے سے لگایا گیا شاندار شاٹ تھا، جس نے میدان میں موجود شائقین کو خوشی سے جھومنے پر مجبور کر دیا۔
اس کارکردگی کے ساتھ رونالڈو کے بین الاقوامی گولز کی مجموعی تعداد 140 ہو گئی ہے، جو مردوں کے انٹرنیشنل فٹبال میں ایک ریکارڈ ہے۔ چالیس سال کی عمر میں بھی ان کی فٹنس اور کارکردگی قابلِ داد ہے۔ حال ہی میں انہوں نے سعودی عرب کے کلب النصر کے ساتھ نیا معاہدہ کیا ہے، اور وہ گزشتہ برس یوئیفا نیشنز لیگ میں پرتگال کی کامیابی کے بھی اہم کردار رہے۔
دلچسپ امر یہ ہے کہ رونالڈو اور ان کے دیرینہ حریف لیونل میسی دونوں اگلے ورلڈ کپ میں چھٹی بار شرکت کرنے جا رہے ہیں، جو اب تک کسی بھی کھلاڑی کو حاصل نہیں ہوئی۔ 2026 کا فیفا ورلڈ کپ، جو امریکہ، کینیڈا اور میکسیکو میں منعقد ہوگا، شاید ان کے کیریئر کا آخری عالمی مقابلہ ہو۔








