چین میں دنیا کے بلند ترین پُل کا لوڈ ٹیسٹ مکمل

چین کے صوبے گوئی چو میں تعمیر کیا گیا دنیا کا سب سے بلند پُل “ہواجیانگ گرینڈ کینین” لوڈ ٹیسٹ میں کامیابی سے ہمکنار ہو گیا ہے۔
تعمیراتی ماہرین کے مطابق اس پُل پر حال ہی میں 96 وزنی ٹرکوں کا بیک وقت لوڈ ٹیسٹ کیا گیا، جن کا مجموعی وزن تقریباً 3,300 ٹن تھا۔ یہ ٹیسٹ پانچ دن تک جاری رہا، جس کا مقصد پُل کی مضبوطی اور پائیداری کو جانچنا تھا۔
پُل کی لمبائی 2,890 میٹر ہے اور یہ زمین سے 625 میٹر کی بلندی پر واقع ہے، جو اسے نہ صرف دنیا کا بلند ترین بلکہ پہاڑی علاقوں میں بنایا گیا سب سے طویل پُل بھی بناتا ہے۔
چینی حکام کا کہنا ہے کہ ٹیسٹ کی کامیابی کے بعد پُل کو ستمبر کے آخر تک عام ٹریفک کے لیے کھول دیا جائے گا، جس سے مقامی سفر اور نقل و حمل میں نمایاں آسانی آئے گی۔









