نئے فون پر پارٹی نہ دینے والے کو دوستوں نے مار ڈالا

ہاٹ لائن نیوز : بھارت کے دارالحکومت نئی دہلی میں ایک نوجوان کو اس کے دوستوں نے نئے موبائل فون کی خریداری کی خوشی میں پارٹی دینے سے انکار کرنے پر پیٹ پیٹ کر ہلاک کر دیا۔ پولیس نے اس معاملے میں تین لڑکوں کو حراست میں لیا ہے۔
مقتول کی شناخت 16 سالہ سچن کے طور پر ہوئی ہے جو شکرپور کا رہائشی ہے۔ 23 ستمبر کی شام تقریباً 7 بجے، سچن نیا موبائل فون خریدنے کے بعد گھر واپس آرہا تھا جب اس کا سامنا ایک کھانے کی دکان کے قریب جاننے والوں کے ایک گروپ سے ہوا۔
نیا فون دیکھ کر لڑکوں نے سچن سے پارٹی کا مطالبہ کیا، جس سے وہ انکار کر دیتا ہے۔ اس انکار پر گرما گرم بحث ہوئی جو جلد ہی جھگڑے میں بدل گئی۔
جھگڑے کے دوران ایک لڑکے نے چاقو نکالا اور سچن پر پیچھے سے دو وار کئے۔ سچن موقع پر ہی گر گیا اور حملہ آور فرار ہو گئے۔
راہگیروں نے فوری طور پر پولیس کو اطلاع دی اور سچن کو قریبی اسپتال لے جایا گیا۔ لیکن نوجوان ہسپتال پہنچنے سے پہلے ہی زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسا۔
پولیس نے قتل کا مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کردی ہے اور سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے تینوں نابالغ ملزمان کی شناخت کرکے انہیں حراست میں لے لیا ہے۔
ملزم کے قبضے سے حملے میں استعمال ہونے والا چاقو برآمد کر لیا گیا۔ چونکہ ملزمان نابالغ ہیں اس لیے پولیس جووینائل جسٹس ایکٹ کے تحت کارروائی کر رہی ہے۔









