شہباز شریف کا جعلی ادویات مافیا پر بڑا وار!

0
10
شہباز شریف کا جعلی ادویات مافیا پر بڑا وار!

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے جعلی اور غیر معیاری ادویات کی روک تھام اور عوام کو مستند دواؤں تک رسائی فراہم کرنے کے لیے ’’محفوظ دوا‘‘ موبائل ایپ کا افتتاح کردیا۔

افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے ادویات کی نگرانی کا نظام متعارف کرانا عوامی صحت کے تحفظ کی جانب اہم پیش رفت ہے، تاہم صرف جعلی ادویات کی روک تھام کافی نہیں بلکہ عام شہریوں کو معیاری دوائیں مناسب قیمتوں پر فراہم کرنا بھی ضروری ہے۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ملک میں صحت کی سہولیات اور ادویات تک رسائی ہر شہری کا بنیادی حق ہے۔ وفاقی اور صوبائی حکومتوں کو باہمی تعاون سے اس مقصد کے لیے اقدامات کرنا ہوں گے تاکہ مالی مشکلات کا شکار افراد بھی علاج معالجے کی سہولیات حاصل کرسکیں۔

انہوں نے ماضی میں پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی میں ادویات کے استعمال سے مریضوں کی اموات کا واقعہ یاد کرتے ہوئے کہا کہ اس سانحے کے بعد بیرون ملک سے حاصل ہونے والی رپورٹس میں ادویات سے متعلق سنگین حقائق سامنے آئے تھے۔ ان کے مطابق ایسے واقعات سے سبق سیکھ کر مستقبل میں انسانی جانوں کے تحفظ کے لیے مؤثر نظام قائم کرنا ضروری ہے۔

وزیراعظم نے منصوبے کی تیاری میں وزارت قومی صحت، ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی پاکستان (ڈریپ)، ڈیجیٹل اتھارٹی اور دیگر متعلقہ اداروں کے کردار کو سراہا۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر صحت سید مصطفیٰ کمال نے بتایا کہ ادویات کی نگرانی کے نظام کے لیے دوا ساز کمپنیوں نے 92 ہزار سے زائد ادویات کا ڈیٹا حکومت کو فراہم کیا ہے، جبکہ تقریباً 700 فارماسیوٹیکل کمپنیوں کا ریکارڈ قومی ڈیٹا بینک میں شامل کیا گیا ہے۔

ڈریپ کے چیئرمین ڈاکٹر عبیداللہ نے ایپ کی خصوصیات سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ صارفین دوا کی پیکنگ پر موجود بار کوڈ اسکین کرکے اس کی اصلیت، قیمت اور میعاد ختم ہونے کی تاریخ کی تصدیق کرسکیں گے۔

ان کے مطابق مشکوک یا جعلی دوا کی صورت میں موبائل اسکرین پر سرخ رنگ ظاہر ہوگا، جبکہ مستند دوا کی تصدیق سبز رنگ کے ذریعے کی جائے گی۔ ایپ میں ادویات کی عدم دستیابی اور معیار سے متعلق شکایات درج کرانے کا آپشن بھی شامل ہے، جس کے ذریعے موصول ہونے والی شکایات براہ راست ڈریپ تک پہنچیں گی۔

حکام کے مطابق ’’محفوظ دوا‘‘ ایپ اینڈرائیڈ اور ایپل صارفین کے لیے دستیاب ہے۔

وزیراعظم نے متعلقہ وزارتوں کو ہدایت کی کہ ایپ کے استعمال سے متعلق ملک گیر آگاہی مہم شروع کی جائے تاکہ زیادہ سے زیادہ شہری اس سہولت سے فائدہ اٹھا سکیں۔

Leave a reply