دو فٹ کی بھینس کے چرچے پوری دنیا میں، قیمت سن کر آپ بھی دنگ رہ جائیں گے!

0
17
دو فٹ کی بھینس کے چرچے پوری دنیا میں، قیمت سن کر آپ بھی دنگ رہ جائیں گے!

راجستھان: بھارت کی ریاست راجستھان میں منعقد ہونے والے مشہور پشکر مویشی میلے میں دو فٹ قد کی بھینس پنکی نے اپنی غیر معمولی جسامت کے باعث خوب شہرت حاصل کر لی۔ میلے کے اختتام کے باوجود پنکی سوشل میڈیا اور خبروں میں موضوعِ بحث بنی ہوئی ہے۔

تقریباً تین سال عمر کی اس بھینس کو مویشیوں کے شوقین سہیل شکیل مہاراشٹر کے شہر تھانے سے پشکر لائے تھے۔ اس مقصد کے لیے انہیں تقریباً 1100 کلومیٹر کا طویل سفر طے کرنا پڑا۔

پشکر میلے میں جہاں عموماً بڑے اور بھاری بھرکم مویشی لوگوں کی توجہ حاصل کرتے ہیں، وہیں پنکی اپنے غیر معمولی چھوٹے قد کی وجہ سے سب سے الگ دکھائی دی۔ اسے دیکھنے کے لیے مقامی افراد کے علاوہ بھارت اور دیگر ممالک سے آنے والے سیاحوں کی بڑی تعداد جمع ہوتی رہی۔

پنکی کی مقبولیت کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ بچے، نوجوان اور بزرگ سبھی اس کے ساتھ تصاویر اور سیلفیاں بنوانے میں دلچسپی لیتے نظر آئے۔ اس کی ویڈیوز بھی سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہوئیں، جس کے بعد وہ میلے کے اختتام پر بھی لوگوں کی توجہ کا مرکز بنی ہوئی ہے۔

پنکی کے غیر معمولی قد کے ساتھ اس کی مبینہ قیمت بھی خاصی دلچسپی کا باعث بن رہی ہے۔ سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی ویڈیوز میں اس کی قیمت 20 لاکھ سے ایک کروڑ بھارتی روپے تک بتائی جا رہی ہے، تاہم اس رقم کی آزادانہ تصدیق سامنے نہیں آئی۔

یوں پشکر میلے میں پنکی نے ثابت کر دیا کہ غیر معمولی مقبولیت حاصل کرنے کے لیے بڑی جسامت نہیں بلکہ انفرادیت بھی کافی ہوتی ہے۔

Leave a reply