
پاکستانی شوبز انڈسٹری کی اداکارہ مومنہ اقبال اپنے شوہر حمزہ حبیب کیجانب سے دیے گئے خوبصورت رومانوی سرپرائز پر جذباتی ہو گئیں۔
اداکارہ نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم انسٹاگرام پر چند تصاویر اور ویڈیوز شیئر کیں، جن میں سرخ گلابوں، جلتی موم بتیوں اور کیک سے سجی دلکش محفل دکھائی دی۔ اس خوبصورت اہتمام نے ان کے خاص لمحے کو مزید یادگار بنا دیا۔
مومنہ اقبال نے اپنے شوہر کے نام محبت بھرا پیغام بھی تحریر کیا، جس میں انہوں نے حمزہ کو اپنی زندگی کی روشنی قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان کی آمد نے زندگی کو مزید حسین اور بامقصد بنا دیا ہے۔
اداکارہ کے مطابق انہیں کبھی ایسا محسوس ہوتا تھا کہ وقت گزرنے کے ساتھ محبت کی شدت کم ہو جاتی ہے، تاہم ان کے شوہر ہر گزرتے دن کے ساتھ اس سوچ کو غلط ثابت کر رہے ہیں۔
مومنہ اقبال نے حمزہ حبیب کو دنیا کا بہترین شوہر قرار دیتے ہوئے ان کی شریکِ حیات ہونے پر خوشی اور شکرگزاری کا اظہار بھی کیا۔
واضح رہے کہ مومنہ اقبال اور حمزہ حبیب مئی 2026 میں ازدواجی بندھن میں بندھے تھے۔ سوشل میڈیا پر اداکارہ کی جانب سے شیئر کی گئی یہ خوبصورت جھلکیاں مداحوں کی توجہ کا مرکز بن گئیں۔









