کم جونگ اُن نے ٹرمپ کی فون کالز اور خط کا جواب نہ دیا، ملاقات کی کوشش بھی ناکام

0
30
کم جونگ اُن نے ٹرمپ کی فون کالز اور خط کا جواب نہ دیا، ملاقات کی کوشش بھی ناکام

واشنگٹن: شمالی کوریا کے رہنما کم جونگ اُن نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے رابطے کی متعدد کوششوں کا کوئی جواب نہیں دیا، جبکہ دونوں رہنماؤں کے درمیان ملاقات کی تازہ کوشش بھی کامیاب نہ ہو سکی۔

امریکی اخبار وال اسٹریٹ جرنل کی رپورٹ کے مطابق صدر ٹرمپ نے گزشتہ سال قائم کیے گئے رابطہ چینلز اور ٹیلی فون لائنز کے ذریعے کم جونگ اُن سے رابطہ کرنے کی کوشش کی، تاہم شمالی کوریا کی جانب سے کوئی ردعمل سامنے نہیں آیا۔

رپورٹ میں ذرائع کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ ٹرمپ نے بعد ازاں شمالی کوریا کے رہنما کو ایک خط بھی ارسال کیا۔ وائٹ ہاؤس حکام نے خط کم جونگ اُن تک پہنچانے کے لیے نیویارک میں اقوام متحدہ کے لیے شمالی کوریا کے مستقل مشن سے رابطے کی کوشش کی۔

ذرائع کے مطابق امریکی حکام نے مشن کے دفتر کے باہر ایک ٹیم تعینات کی، جس نے وہاں سے گزرنے والے شمالی کوریائی سفارت کار کو خط پہنچایا، تاہم بعد میں ایک اجلاس کے دوران سفارت کار نے یہ خط امریکی نمائندے کے سامنے واپس رکھ دیا۔

یاد رہے کہ ٹرمپ کے پہلے دورِ صدارت میں دونوں رہنماؤں کے درمیان تین مرتبہ ملاقات ہوئی تھی، جن میں شمالی کوریا کے جوہری پروگرام اور جزیرہ نما کوریا کو جوہری ہتھیاروں سے پاک کرنے کے معاملات زیر بحث آئے تھے۔

وال اسٹریٹ جرنل کے مطابق حالیہ دنوں میں ایشیائی دورے کے دوران بھی ٹرمپ نے کم جونگ اُن سے ملاقات کی کوشش کی، لیکن آخری لمحات میں ہونے والے رابطوں کے باوجود یہ کوشش نتیجہ خیز ثابت نہ ہو سکی۔ مذاکرات سے واقف ذرائع کا کہنا ہے کہ شمالی کوریا نے ایسی شرائط پیش کیں جنہیں امریکا کے لیے قبول کرنا ممکن نہیں تھا۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ شمالی کوریا اپنے جوہری پروگرام سے دستبردار ہونے کے بجائے اسے مزید مضبوط بنانے پر توجہ دے رہا ہے۔ امریکی انٹیلی جنس کے جائزے میں بھی اس خدشے کا اظہار کیا گیا تھا کہ کم جونگ اُن اپنے اسٹریٹجک ہتھیاروں کے پروگرام پر سمجھوتے کے لیے تیار نہیں ہیں۔

اخبار کے مطابق 2019 میں ٹرمپ سے آخری ملاقات کے بعد شمالی کوریا کے جوہری وار ہیڈز کی تعداد میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔ اندازوں کے مطابق یہ تعداد 60 کے قریب پہنچ چکی ہے، جبکہ ملک کے ٹھوس ایندھن سے چلنے والے بین البراعظمی بیلسٹک میزائل امریکی سرزمین تک پہنچنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔

رپورٹ کے مطابق کم جونگ اُن اب امریکا سے شمالی کوریا کو باضابطہ جوہری طاقت تسلیم کرنے کا مطالبہ کر رہے ہیں، جس سے دونوں ممالک کے درمیان مذاکرات کی بحالی مزید مشکل دکھائی دیتی ہے۔

Leave a reply