
اسلام آباد: پاکستان 23 سے 26 نومبر تک اسلام آباد میں جوہری سلامتی تربیت و معاونت مراکز کے بین الاقوامی نیٹ ورک کے 15ویں سالانہ اجلاس کی میزبانی کرے گا۔ بین الاقوامی ایٹمی توانائی ایجنسی (IAEA) کے تعاون سے ہونے والے اس اجلاس میں 49 ممالک کے نمائندے شرکت کریں گے۔
دفتر خارجہ کے مطابق چار روزہ اجلاس میں جوہری سلامتی کے شعبے میں تربیت، تکنیکی معاونت اور عالمی تعاون کو فروغ دینے کے مختلف پہلوؤں پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔
اجلاس کے شرکا جوہری مواد اور تنصیبات کے تحفظ کے لیے تربیتی نظام کو مزید بہتر بنانے، تکنیکی مہارتوں کے تبادلے اور مشترکہ اقدامات کے امکانات کا جائزہ لیں گے۔
مختلف ممالک کے ماہرین اس موقع پر جوہری سلامتی کے موجودہ چیلنجز اور مستقبل کی ضروریات پر بھی اپنی آرا پیش کریں گے۔
دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ اس عالمی اجلاس کی میزبانی پاکستان کے اس عزم کو ظاہر کرتی ہے کہ وہ جوہری سلامتی کے بین الاقوامی معیارات کے فروغ اور عالمی برادری کے ساتھ تعاون کے لیے اپنا کردار جاری رکھے گا۔









