دسمبر میں بجلی صارفین پر فی یونٹ 4 روپے 22 پیسے تک اضافی بوجھ پڑنے کا امکان

0
30
دسمبر میں بجلی صارفین پر فی یونٹ 4 روپے 22 پیسے تک اضافی بوجھ پڑنے کا امکان

اسلام آباد: کراچی سمیت ملک بھر کے بجلی صارفین کے لیے دسمبر میں بجلی مزید مہنگی ہونے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔ سہ ماہی اور ماہانہ ایڈجسٹمنٹس کے باعث صارفین کو فی یونٹ مجموعی طور پر 4 روپے 22 پیسے تک اضافی ادائیگی کرنا پڑ سکتی ہے۔

ذرائع کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت بجلی کی قیمتوں سے متعلق اجلاس منعقد ہوا، جس میں صارفین پر ممکنہ اضافی مالی بوجھ اور بجلی کی قیمتوں کی صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔

اس وقت صارفین بجلی کے بلوں میں ماہانہ اور سہ ماہی ایڈجسٹمنٹس کی مد میں مجموعی طور پر 2 روپے 89 پیسے فی یونٹ ادا کر رہے ہیں۔ تاہم دسمبر میں یہ رقم بڑھ کر 4 روپے 22 پیسے فی یونٹ تک پہنچنے کا تخمینہ ہے، جس سے صارفین پر مزید ایک روپے 33 پیسے فی یونٹ کا بوجھ پڑ سکتا ہے۔

ذرائع کے مطابق بجلی تقسیم کار کمپنیوں نے جولائی سے ستمبر 2026 کی سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کے تحت نیپرا سے فی یونٹ ایک روپے 34 پیسے اضافے کی درخواست کی ہے۔ اس درخواست پر سماعت مکمل ہو چکی ہے، تاہم حتمی فیصلہ ہونا ابھی باقی ہے۔

دوسری جانب سینٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی نے اکتوبر 2026 کی ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں بجلی کی قیمت میں فی یونٹ 2 روپے 88 پیسے اضافے کی درخواست جمع کرائی ہے۔ اس اضافے کا اطلاق بھی دسمبر میں متوقع ہے۔

حکومتی ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم کو بجلی کی قیمتوں سے متعلق تفصیلات سے آگاہ کر دیا گیا ہے جبکہ حکومت کی کوشش ہے کہ عوام پر اضافی مالی بوجھ کم سے کم منتقل کیا جائے۔

نیپرا کے فیصلوں کے بعد ہی واضح ہوگا کہ دسمبر میں بجلی صارفین کو ایڈجسٹمنٹس کی مد میں فی یونٹ کتنی اضافی رقم ادا کرنا ہوگی۔

Leave a reply