پاکستان میں ایک سال کے دوران 94 لاکھ سائبر حملوں کا انکشاف، سرکاری و نجی ادارے بھی نشانے پر

0
22
پاکستان میں ایک سال کے دوران 94 لاکھ سائبر حملوں کا انکشاف، سرکاری و نجی ادارے بھی نشانے پر

اسلام آباد: پاکستان میں سائبر حملوں کی تعداد میں اضافے کا انکشاف ہوا ہے، جہاں گزشتہ 12 ماہ کے دوران تقریباً 94 لاکھ سائبر خطرات رپورٹ کیے گئے۔ ان حملوں میں کمپیوٹرز، ڈیجیٹل ڈیوائسز اور انٹرنیٹ صارفین کو مختلف طریقوں سے نشانہ بنایا گیا۔

عالمی سائبر سکیورٹی کمپنی کاسپرسکی کی رپورٹ کے مطابق نومبر 2025 سے اکتوبر 2026 تک پاکستان میں 63 لاکھ سے زیادہ ایسے حملے سامنے آئے جن کا تعلق کمپیوٹرز اور دیگر الیکٹرانک آلات سے تھا۔ ان میں یو ایس بی، بیرونی اسٹوریج ڈیوائسز اور متاثرہ فائلوں کے ذریعے پھیلنے والے وائرس اور نقصان دہ پروگرام شامل ہیں۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ اسی مدت کے دوران انٹرنیٹ کے ذریعے 31 لاکھ سے زائد سائبر حملوں کی نشاندہی ہوئی۔ ان میں جعلی ویب سائٹس، دھوکہ دہی پر مبنی پیغامات اور صارفین کی حساس معلومات چرانے کی کوششیں شامل تھیں۔

اعدادوشمار کے مطابق پاکستان میں کاسپرسکی کے 24 فیصد صارفین کو ڈیوائسز سے متعلق سائبر خطرات کا سامنا کرنا پڑا، جبکہ 15 فیصد صارفین ویب کے ذریعے ہونے والے حملوں سے متاثر ہونے کے خطرے سے دوچار رہے۔

اسلام آباد میں ہونے والی سائبر تھریٹ انٹیلی جنس سمٹ 2026 میں کمپنی کے سینئر سکیورٹی محقق یوسف عبدالمنعم نے کہا کہ سائبر خطرات سے نمٹنے کے لیے پاکستان کے سرکاری اور نجی اداروں کو اپنے حفاظتی نظام کو جدید خطوط پر استوار کرنا ہوگا۔

انہوں نے سپلائی چین کو ہدف بنانے والے سائبر حملوں اور مصنوعی ذہانت کے غیر مناسب استعمال سے پیدا ہونے والے خطرات کی جانب بھی توجہ دلائی۔

ان کے مطابق علاقائی اور سیاسی کشیدگی کے دوران پاکستان میں فارسی زبان استعمال کرنے والے بعض ہیکٹیوسٹ گروپس کی سرگرمیاں بھی سامنے آئیں، جنہوں نے سرکاری اداروں اور بحری شعبے کو نشانہ بنایا۔

سائبر سکیورٹی ماہرین کا کہنا ہے کہ بڑھتے ہوئے ڈیجیٹل خطرات کے تناظر میں اداروں کو نیٹ ورکس کی نگرانی، اہم ڈیٹا کی حفاظت، سکیورٹی سسٹمز کی اپ ڈیٹس اور سائبر حملوں سے نمٹنے کی صلاحیت میں اضافہ کرنا ہوگا۔

Leave a reply