
پاکستان کی سینئر اداکارہ غزالہ جاوید نے شوبز انڈسٹری کے بدلتے ہوئے ماحول پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اب انڈسٹری میں سینئر فنکاروں کا احترام پہلے جیسا نہیں رہا۔
ایک نجی ٹی وی پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے غزالہ جاوید نے اپنے ماضی کے پی ٹی وی دور کو یاد کیا اور موجودہ انڈسٹری کے رویوں پر بات کی۔
اداکارہ کا کہنا تھا کہ انہوں نے اب کام کرنا محدود کردیا ہے اور وہ صرف ایسے پروڈکشن ہاؤسز اور ٹیموں کے ساتھ کام کرنے کو ترجیح دیتی ہیں جہاں فنکاروں کو عزت اور احترام دیا جائے۔
غزالہ جاوید کے مطابق شوبز انڈسٹری میں اب سینئرز کی عزت کا رجحان کم ہوتا جارہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ بدتمیزی کرنے اور اپنے کام میں سنجیدگی نہ دکھانے والے افراد کو زیادہ مقبولیت ملتی دکھائی دیتی ہے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ اکثر سینئر فنکار وقت پر سیٹ پر پہنچ جاتے ہیں، تاہم جونیئر فنکاروں یا ڈراموں کے مرکزی کردار ادا کرنے والوں کی تاخیر کے باعث انہیں کئی کئی گھنٹے انتظار کرنا پڑتا ہے۔
غزالہ جاوید نے انڈسٹری میں پیشہ ورانہ رویوں اور سینئر فنکاروں کے احترام کو دوبارہ فروغ دینے کی ضرورت پر زور دیا۔








