
چینی سائنسدانوں نے ایک جدید الیکٹرانک کنگھا تیار کیا ہے جس کے ذریعے گنج پن کے مسئلے پر قابو پانے اور بالوں کی دوبارہ نشوونما میں مدد ملنے کی امید ظاہر کی گئی ہے۔
طبی جریدے نیچر کمیونیکیشنز میں شائع ہونے والی تحقیق کے مطابق چین کی بیہانگ یونیورسٹی کے محققین نے اس ڈیوائس کو ڈی ٹینگل (D-Tangle) کا نام دیا ہے۔
تحقیق کیمطابق یہ الیکٹرانک کنگھا برقی تحریک کے ذریعے سرکی جلد میں بالوں کی جڑوں کے قریب مخصوص سرگرمی پیداکرتا ہے، جس سے بالوں کی نشوونما کے قدرتی عمل کو متحرک کرنے میں مدد مل سکتی ہے۔
محققین کے مطابق اس ٹیکنالوجی کے ابتدائی تجربات میں حوصلہ افزا نتائج سامنے آئے ہیں۔ تجربات کے دوران چوہوں میں تقریباً ایک ماہ کے اندر بالوں کی دوبارہ نشوونما دیکھی گئی۔
یہ ٹیکنالوجی بالخصوص اینڈروجینیٹک ایلوپیشیا (Androgenetic Alopecia) کے علاج کے لیے امید افزا قرار دی جارہی ہے۔ یہ بال جھڑنے کی ایک عام موروثی اور ہارمونز سے متعلق کیفیت ہے، جس میں عموماً مردوں کے سر کے اوپری حصے اور کنپٹیوں کے بال بتدریج کم ہونے لگتے ہیں۔
فی الحال اس مسئلے کے علاج کے لیے مائنوکسیڈل (Minoxidil) جیسی ادویات استعمال کی جاتی ہیں، تاہم ان کے نتائج سامنے آنے میں کئی ماہ لگ سکتے ہیں اور حاصل شدہ فوائد برقرار رکھنے کے لیے مسلسل استعمال کی ضرورت پڑ سکتی ہے۔
تاہم ڈی ٹینگل کنگھے کے حوالے سے ابھی احتیاط ضروری ہے، کیونکہ اس کی آزمائش فی الحال صرف جانوروں پر کی گئی ہے۔ انسانوں میں اس کی افادیت اور حفاظت کے بارے میں حتمی نتائج سامنے نہیں آئے۔
محققین کا کہنا ہے کہ مزید تجربات اور حفاظتی جانچ کے بعد انسانوں پر کلینیکل ٹرائلز شروع کرنے کی راہ ہموار ہوسکتی ہے۔
ماہرین کے مطابق اگر انسانی آزمائشوں میں بھی اس ٹیکنالوجی کے مثبت نتائج سامنے آئے تو مستقبل میں یہ بال جھڑنے اور گنج پن کے علاج کا ایک نیا طریقہ ثابت ہوسکتی ہے۔








