پی ٹی آئی کے تین اہم رہنما پشاور ہائیکورٹ کے باہر سے گرفتار

0
12
پی ٹی آئی کے تین اہم رہنما پشاور ہائیکورٹ کے باہر سے گرفتار

پشاور: خیبر پختونخوا پولیس نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے تین سینئر رہنماؤں تیمور سلیم جھگڑا، کامران بنگش اور عرفان سلیم کو پشاور ہائیکورٹ کے باہر سے گرفتار کرلیا۔

پولیس نے تینوں رہنماؤں کو تھری ایم پی او کے تحت حراست میں لیا۔ یہ پیش رفت ریڈیو پاکستان پشاور حملہ کیس میں انسداد دہشت گردی عدالت کی جانب سے ان کی ضمانتیں مسترد کیے جانے کے بعد سامنے آئی۔

ذرائع کے مطابق ضمانتیں خارج ہونے کے بعد پولیس نے کامران بنگش اور عرفان سلیم کو عدالت کے احاطے سے گرفتار کرنے کی کوشش کی، تاہم وکلا نے مداخلت کرتے ہوئے انہیں پولیس کی تحویل سے چھڑا لیا۔

بعد ازاں تینوں رہنماؤں کی جانب سے پشاور ہائیکورٹ میں عبوری ضمانت کے لیے درخواست دائر کی گئی۔ سماعت کے دوران چیف جسٹس نے استفسار کیا کہ آیا درخواست گزار عدالت میں موجود ہیں، جس پر وکلا نے تینوں رہنماؤں کی موجودگی کی تصدیق کی۔

درخواست گزاروں کے وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ ان کے موکلین کو ریڈیو پاکستان حملہ کیس میں بعد ازاں نامزد کیا گیا اور وہ پہلے اس مقدمے میں شامل نہیں تھے۔

عدالت نے دلائل سننے کے بعد تینوں رہنماؤں کی 23 نومبر تک عبوری ضمانت منظور کرتے ہوئے فی کس 20 لاکھ روپے کے ضمانتی مچلکے جمع کرانے کا حکم دیا۔

تاہم، عدالتی کارروائی مکمل ہونے کے بعد جیسے ہی تینوں رہنما ہائیکورٹ سے باہر نکلے، پولیس نے انہیں تھری ایم پی او کے تحت دوبارہ حراست میں لے لیا۔

Leave a reply