اقبالؒ پر اعتراضات اور ہماری فکری کوتاہیاں

قوموں کی زندگی میں بعض شخصیات محض تاریخ کا حصہ نہیں ہوتیں بلکہ وہ ان کے فکری شعور، تہذیبی شناخت اور مستقبل کے امکانات کی علامت بن جاتی ہیں۔ حضرت اقبال بھی ایسی ہی ایک شخصیت ہیں جنہیں محض شاعر، فلسفی یا مفکر کہہ کر ان کی عظمت کا احاطہ نہیں کیا جا سکتا۔ وہ ایک ایسے عہد کے ترجمان تھے جس میں مسلمان سیاسی غلامی، فکری انتشار، تہذیبی مرعوبیت اور روحانی زوال کے کئی دائروں میں گھرے ہوئے تھے۔ اقبال نے اس منتشر قوم کو خودی کا درس دیا، اس کے اندر اعتماد پیدا کیا اور اسے اپنے ماضی کی عظمت سے روشناس کراتے ہوئے مستقبل کے خواب دیکھنے کا حوصلہ دیا۔
بدقسمتی سے ہمارے ہاں ایک عجیب روایت بہت پختہ ہوتی جا رہی ہے کہ ہم اپنے قومی ہیروز کو حرف تنقید بنانے میں بھی دنیا میں سب سے آگے ہیں اور محسن کشی ہماری تاریخ بنتی جا رہی ہے۔اقبال بھی اس رویے سے محفوظ نہیں رہے اور آئے دن ان پر کوئی نہ کوئی نام نہاد مفکر اینکر اور خودساختہ فلاسفر نشتر زنی کرتا دکھائی دیتا ہے۔ کبھی ان کے تصورِ پاکستان کو متنازع بنانے کی کوشش ہوتی ہے، کبھی ان کی شاعری کو محض جذباتی کلام قرار دیا جاتا ہے، کبھی ان کے بعض اشعار کو بنیاد بنا کر ان کے فکری ارتقاء پر سوال اٹھائے جاتے ہیں اور کبھی ان کی ذاتی زندگی کو ان کے علمی مقام کے مقابل کھڑا کر دیا جاتا ہے۔
اقبال پر ایک اعتراض یہ کیا جاتا ہے کہ انہوں نے مغربی تعلیمی اداروں میں تعلیم حاصل کی، مغربی فلسفے کا مطالعہ کیا، لہٰذا ان کی فکر میں مغرب کا اثر نمایاں ہے۔ بلاشبہ انہوں نے مغرب کو پڑھا ضرور، لیکن خاک مدینہ و نجف کے سرمے نے انہیں جلوہ دانش فرنگ سے مرعوب نہیں ہونے دیا۔ انہوں نے مغربی فلسفے کی قوتوں اور کمزوریوں دونوں کو سمجھا اور جہاں اس کی مادہ پرستی، سرمایہ دارانہ استحصال اور روحانی محرومی پر تنقید کی، وہاں اس کے علمی نظم، تحقیق اور سائنسی جستجو سے استفادہ کرنے کی تلقین بھی کی۔
یہ اعتراض بھی اکثر سننے کو ملتا ہے کہ اقبال کو تصورِ پاکستان کا پیش رو قرار دینا تاریخی مبالغہ ہے۔اس بات سے انکار کیسے ممکن ہے کہ اقبال نے برصغیر کے مسلمانوں کی جداگانہ سیاسی شناخت اور خودمختار اجتماعی مستقبل کے سوال کو غیر معمولی فکری وضاحت عطا کی۔کسی قومی تحریک کی بنیاد ایک دن میں نہیں رکھی جاتی۔ اسکے پیچھے فکری رہنمائی، سیاسی جدوجہد، اجتماعی شعور اور تاریخی حالات کا ایک طویل سفر ہوتا ہے۔ اقبال نے اس سفر کو فکری سمت دی، قائداعظم نے سیاسی قیادت فراہم کی اور برصغیر کے مسلمانوں نے اجتماعی جدوجہد کے ذریعے اسے حقیقت بنایا۔
بعض ناقدین، اقبال کے مختلف ادوار کی شاعری کو سامنے رکھ کر یہ سوال اُٹھاتے ہیں کہ ان کے خیالات میں تبدیلیاں کیوں آئیں؟ابتدائی اقبال کے ہاں وطنیت، ہندوستانی تہذیب اور مشترکہ قومی شناخت کے تصورات ملتے ہیں، جبکہ بعد کے اقبال مسلمانوں کی جداگانہ ملت، اسلامی وحدت اور خودمختار سیاسی تشخص پر زور دیتے دکھائی دیتے ہیں۔یہ سوال اٹھانے والے فکری و ذہنی ارتقاء کے فلسفے سے ہی نابلد ہیں کہ اقبال کوئی جامد ذہن رکھنے والے شاعر نہیں تھے۔ وہ مسلسل سوچنے، غور کرنے اور اپنے عہد کے حالات کا تجزیہ کرنے والے عظیم مفکر تھے۔ ان کا ذہنی ارتقاء ان کی فکری پرواز کی علامت ہے نہ کہ تضاد کی دلیل۔ وقت کیساتھ انسان کے مشاہدات گہرے ہوتے ہیں، ترجیحات واضح ہوتی ہیں اور نظریات میں پختگی آتی ہے۔ اقبال کے ہاں بھی اسی کا تسلسل تھا۔
یہ اعتراض بھی قابلِ غور ہے کہ اقبال نے خودی کا درس دے کر فرد کو اپنی ذات کا اسیر بنانے کی کوشش کی، حالانکہ اقبال کی خودی کا مطلب تکبر، خود پسندی یا دوسروں کو کمتر سمجھنا نہیں بلکہ اپنی صلاحیتوں کی پہچان، کردار کی مضبوطی، مقصد سے وابستگی اور اللہ تعالیٰ کے ساتھ روحانی تعلق کو مستحکم کرنا ہے۔اقبال کا مردِ مومن اپنی ذات کے حصار میں قید نہیں رہتا بلکہ اپنی شخصیت کی تعمیر کے ذریعے معاشرے کی تعمیر کرتا ہے۔اس کی خودی اسے کمزوروں کا سہارا، مظلوموں کا مددگار اور حق کا علمبردار بناتی ہے۔ اقبال کا پیغام یہ ہے کہ انسان اپنی صلاحیتوں کو پہچانے،اپنی تقدیر بنانے کی جدوجہد کرے اور اپنی زندگی کو کسی بڑے مقصد کیلئے وقف کرے۔
کسی بھی عظیم شخصیت کی ذاتی زندگی تاریخی تحقیق اور علمی تنقید سے بالاتر نہیں ہوتی۔اقبال کی زندگی، ان کے خاندانی معاملات، سیاسی وابستگیوں اور بعض عملی فیصلوں پر سوال اٹھائے جا سکتے ہیں لیکن ہمیں یہ اصول بھی یاد رکھنا چاہئے کہ کسی شخص کی زندگی کے کسی ایک پہلو سے اختلاف اس کے علمی، ادبی اور فکری کارناموں کی نفی ہر گز نہیں کرتا۔
ہمیں اقبال کو ایک زندہ مفکر کے طور پر پڑھنے کی ضرورت ہے، کیونکہ زندہ فکر سوالات سے گھبراتی نہیں بلکہ سوالات کے ذریعے مزید روشن ہوتی ہے۔ ہمیں ان کے شاہین کو محض کتابوں میں نہیں بلکہ اپنے نوجوانوں کے کردار میں دیکھنا ہے۔ ان کی خودی کو محض اشعار میں نہیں بلکہ قومی خودداری میں ڈھالنا ہے اور ان کے تصورِ علم کو عملی تحقیق اور تخلیقی صلاحیتوں میں تبدیل کرنا ہے۔
اقبال جس قوم میں خودی کی بات کرتے ہیں اسی کا نوجوان احساسِ کمتری کا شکار ہے اور اُمید کا دِیا روشن رکھنے کاعزم دینے والے کی قوم فکری انحطاط اور سخت نااُمیدی سے دوچار ہے۔ وہ خودداری کا درس دیتے تھے، ہم آج بھی دوسروں کی فکری اور معاشی محتاجی سے نجات حاصل نہیں کر سکے۔کسی قوم کی بدقسمتی یہ نہیں ہوتی کہ اس کے عظیم لوگوں پر اعتراضات کیے جاتے ہیں، بلکہ اصل بدقسمتی یہ ہوتی ہے کہ وہ قوم اپنے عظیم لوگوں کے افکار سے رہنمائی لینا چھوڑ دیتی ہے۔اقبال کو صرف یاد کرنے کی نہیں بلکہ سمجھنے اور اپنے عہد میں زندہ کرنے کی ضرورت ہے۔ یہی ان سے محبت بھی ہے اور ان کے فکری ورثے کا حقیقی حق بھی۔









