
لاہور: پنجاب میں پبلک ٹرانسپورٹ کے دوران خاتون کے ساتھ بدتمیزی کرنے والے بس کنڈکٹر نے اپنی حرکت پر معافی مانگ لی۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی ہدایت پر واقعے میں ملوث کنڈکٹر علی رضوان کا ویڈیو بیان جاری کیا گیا، جس میں وہ کان پکڑ کر اپنی غلطی کا اعتراف کرتے ہوئے آئندہ ایسا رویہ اختیار نہ کرنے کی یقین دہانی کروا رہا ہے۔
واضح رہے کہ لاہور میں گرین الیکٹرک بس میں سوار ہونے والی ایک خاتون کو کنڈکٹر کی جانب سے دھکا دینے کا واقعہ پیش آیا تھا، جس پر وزیراعلیٰ پنجاب نے سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے متعلقہ حکام کو کارروائی کی ہدایت کی تھی۔
وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ عوام کی خدمت پر مامور ٹرانسپورٹ عملے کو شہریوں کے ساتھ بدسلوکی کی اجازت نہیں دی جا سکتی اور محض ملازمت سے برطرفی کافی نہیں بلکہ متاثرہ خاتون سے باقاعدہ معافی بھی منگوائی جائے۔
انہوں نے ہدایت کی تھی کہ متعلقہ ملازم کو متاثرہ خاتون کے گھر لے جاکر سب کے سامنے معافی دلوائی جائے، جبکہ واقعے پر ڈی پی او سے بھی بات کرنے کا عندیہ دیا تھا۔
مریم نواز نے اس موقع پر واضح کیا تھا کہ خواتین اور کمزور شہریوں کے ساتھ بدسلوکی کرنے والوں کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔









