ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کا معاملہ، الیکشن کمیشن کی عطا تارڑ پر سخت برہمی، قانونی کارروائی کا عندیہ

0
19
ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کا معاملہ، الیکشن کمیشن کی عطا تارڑ پر سخت برہمی، قانونی کارروائی کا عندیہ

اسلام آباد: الیکشن کمیشن آف پاکستان نے گوجرانوالہ کے ضمنی انتخابات میں انتخابی ضابطہ اخلاق کی مبینہ خلاف ورزی کے معاملے پر وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ کے خلاف سخت مؤقف اختیار کرتے ہوئے قانونی کارروائی کا عندیہ دے دیا ہے۔

چیف الیکشن کمشنر کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے کیس کی سماعت کی، جس میں الیکشن کمیشن کے اسپیشل سیکرٹری نے مؤقف اپنایا کہ عطا تارڑ نے انتخابی مہم کے دوران ضابطہ اخلاق اور الیکشن ایکٹ کی خلاف ورزی کی۔ ان کا کہنا تھا کہ متعلقہ قوانین کے تحت خلاف ورزی ثابت ہونے پر دو سال تک قید کی سزا بھی ہو سکتی ہے۔

سماعت کے دوران چیف الیکشن کمشنر نے عطا تارڑ کی ذاتی حیثیت میں عدم حاضری پر سوال اٹھایا۔ ان کے وکیل سجیل سواتی نے بتایا کہ وفاقی وزیر سرکاری دورے پر بیرون ملک موجود ہیں۔

چیف الیکشن کمشنر نے اس وضاحت پر تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے ریمارکس دیے کہ سرکاری دورے کے دوران ان کی مصروفیات کیا ہیں؟

کمیشن نے ڈپٹی کمشنر گوجرانوالہ کے اس مؤقف کو بھی مسترد کیا کہ متعلقہ دورہ کنٹونمنٹ بورڈ کی حدود میں ہوا تھا، جو الیکشن کمیشن کے دائرہ اختیار میں نہیں آتا۔ چیف الیکشن کمشنر نے ڈپٹی کمشنر کو قانون کا مطالعہ کرنے کی ہدایت کی۔

کارروائی کے دوران پارلیمانی سیکرٹری صحت اسما عباسی کو بھی چیف الیکشن کمشنر کی جانب سے تنبیہ کا سامنا کرنا پڑا۔ ان کے مسکرانے پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے چیف الیکشن کمشنر نے خبردار کیا کہ غیر سنجیدہ رویے پر ان کے خلاف توہین عدالت کی کارروائی ہو سکتی ہے اور اسمبلی کی رکنیت بھی متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔

دوسری جانب اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کے معاملے پر بھی الیکشن کمیشن نے سخت مؤقف اپنایا۔ چیف الیکشن کمشنر کا کہنا تھا کہ وفاقی حکومت اس حوالے سے سنجیدگی کا مظاہرہ نہیں کر رہی، تاہم دارالحکومت میں بلدیاتی انتخابات ہر صورت منعقد کرائے جائیں گے۔

انہوں نے اساتذہ کی انتخابی ڈیوٹی نہ لگانے سے متعلق وزیراعظم کی ہدایت پر بھی سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ ایسی صورت میں پولنگ کے لیے عملے کی فراہمی کیسے ممکن ہوگی۔

الیکشن کمیشن نے متعلقہ افسران کو فیکٹ فائنڈنگ رپورٹ پر تحریری جواب جمع کرانے کی ہدایت کر دی، جبکہ سی پی او گوجرانوالہ کو بھی طلب کر لیا گیا ہے۔

کمیشن نے تمام متعلقہ فریقین کو آئندہ سماعت پر ذاتی حیثیت میں پیش ہونے کا حکم دیتے ہوئے کیس کی مزید سماعت یکم دسمبر تک ملتوی کر دی۔

Leave a reply